بینک الفلاح کا سینٹر فار اسلامک اکنامکس کے اشتراک سے اسلامی مالیات اور اسلامی بینکاری سے متعلق تربیتی پروگرام کا انعقاد

پیر 7 مارچ 2016 16:23

کراچی ۔ 7 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مارچ۔2016ء) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر سعید احمد نے کہا ہے کہ ملک میں اسلامی مالیات اور اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے مرکزی بینک اقدامات کر رہا ہے، مضبوط اسلامی مالیاتی نظام ناگزیر ہے ۔بینک الفلاح کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے بینک الفلاح نے مرکز برائے اسلامی اقتصادیات(سی آئی ای)کے تعاون سے بینک کے سینئر انتظامی افسرا ن کے لیے اسلامی مالیات اور بینکاری کے بارے میں ایک جامع تربیتی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

دو روزہ تربیتی پروگرام میں ملک کے معروف شرعی سکالرز نے شرکت کی اور اسلامی بینکاری کے بنیادی تصورات بشمول واجب ذمہ داریوں، اثاثہ جات اور صارف قرضوں کے بارے میں آگہی فراہم کی۔

(جاری ہے)

سعید احمد نے اسلامی بینکاری کے فروغ کے لیے اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے اسلامی بینکاری کے اصولوں کے بارے میں بینک کے ملازمین کی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے اور صارفین میں اسلامی بینکاری کے سلسلے میں آگہی کی فراہمی پر بینک الفلاح کی کاوشوں کو بھی قابل تعریف قرار دیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بینک الفلاح کے گروپ ہیڈ ہیومن ریسورس اینڈ لرننگ گروپ فیصل فاروق خان نے کہا کہ ”بینک الفلاح اپنے ملازمین میں اسلامی مالیات اور اسلامی بینکاری کو سمجھنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ اسلامی بینکاری سے متعلق شرعی اصولوں کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جاسکے۔انہوں نے کہا اس کے ساتھ ہی ہم اپنے صارفین میں بھی اسلامی بینکاری کے شعور کو بڑھانے کے لیے پختہ عزم پر کاربند ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ”بینک الفلاح بینکاری کے شعبے میں جدید رجحانات متعارف کرانے کے لیے اپنے کلیدی کردار کو برقرار رکھتے ہوئے ادائیگیوں کے اسلامی پلیٹ فارم کے ذریعے مالیاتی خدمات سے محروم افراد کو مالیاتی خدمات کی فراہمی کے لیے نئے باب رقم کررہا ہے۔گزشتہ چند سال کے دوران بینک الفلاح نے تربیتی پروگرام اور مخصوص سرٹیفکیٹ پروگرام کے ذریعے اپنے ملازمین میں اسلامی مالیات اور اسلامی بینکاری کے بارے میں معلومات اور صلاحیتوں کی بہتری کے لیے ملکی و غیرملکی معروف انسی ٹیوشنز کے ساتھ مضبوط روابط قائم کیے ہیں ۔

بینک الفلاح تعلیم اور ترقی کے مواقع کے ذریعے مقامی صلاحیتوں کی بہتری کے لیے کوشاں ہے۔ گزشتہ سال کے دوران بینک الفلاح نے 700 تربیتی پروگرام منعقد کیے جس سے بینک کے 99 فیصد ملازمین نے استفادہ کیا۔ اس وقت200 شہروں میں اپنی 600 سے زائد برانچوں کے ساتھ پاکستان کا پانچواں بڑا نجی بینک ہے ۔ ملک میں سب سے زیادہ کریڈٹ کارڈز فراہم کرنے کے ساتھ بینک الفلاح کو اسلامک بینکنگ کے شعبے میں بھی شہرت حاصل ہے۔بینک الفلاح اس وقت افغانستان، بنگلادیش اور بحرین کے علاوہ یو اے ای میں بھی نمائندہ آفس رکھتا ہے۔ بینک اس وقت 10لاکھ سے زائد کارپوریٹ ، ریٹیل، چھوٹے کاروباری ادارے، ذراعت، اسلامک اور ایسٹ فنانسنگ صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :