ہائی کورٹ نے خواجہ احمد حسان کی سرکاری اجلاسوں کی صدارت کرنے کیخلاف درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لی

پیر 7 مارچ 2016 15:07

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و لاہور کے متوقع میئر خواجہ احمد حسان کی سرکاری اجلاسوں کی صدارت کرنے کے خلاف دائر درخواست ابتدائی سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو کو نوٹس جاری کر دیئے جبکہ عدالت نے خواجہ احمد حسان کی صدارت میں ہونے والے اجلاسوں کا تمام ریکارڈ بھی طلب کرلیا ۔

گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ خواجہ احمد حسان اپنے تمام سابق عہدوں سے مستعفی ہو چکے ہیں اب کس سرکاری حیثیت میں سرکاری اجلاسوں کی صدارت کررہے ہیں ۔خواجہ احمد حسان ایک یونین کونسل کے چیئرمین ہیں اور ان کو سرکاری اجلاسوں کی صدارت کوئی استحقاق نہیں اور آئین اس کی اجازت نہیں دیتا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ خواجہ احمد حسان کو اعلیٰ ٰسرکاری اجلاس کی صدارت سے روکا جائے اور خواجہ حسان سرکاری طور پر کیا مراعات لے رہے ہیں اس کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش کی جائیں۔ فاضل عدالت نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد درخواست ابتدائی سماعت کے لئے منظور کر لی اور پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو 4اپریل کے لئے نوٹس جاری کر دیئے اور خواجہ احمد حسان کی صدارت میں ہونے والے اجلاسوں کا تمام ریکارڈ بھی طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :