وزیراعظم محمد نواز شریف پرسوں سے سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کرینگے

پیر 7 مارچ 2016 14:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کی دعوت پر 9 مارچ سے سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کرینگے۔ سعودی عرب کی جانب سے اتحادی افواج کی مشترکہ فوجی مشقوں ’نارتھ تھنڈر‘ کی اختتامی تقریب میں شرکت کیلئے متعدد سربراہان حکومت کو بھی دعوت دی گئی ہے۔

پاکستان سمیت 21 ممالک کے فوجی سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں جاری مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ مشقوں کا اہم مقصد دہشت گرد گروپوں کی طرف سے درپیش خطرے سے نمٹنے کیلئے تربیت کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ قریبی برادرانہ تعلقات ہیں جو باہمی احترام اور یکجہتی کے رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں ، ان تعلقات کو مشترکہ تاریخی ، ثقافتی اور اسلامی اقدار سے تقویت پہنچتی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں سمیت کثیرجہتی تعاون موجود ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، حکومت پاکستان نے سعودی عرب کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کو درپیش کسی بھی خطرے کی صورت میں سعودی بھائیوں کیساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے عسکریت پسندی، انتہاء پسندی اور دہشت گردی کیخلاف تمام علاقائی اور بین الاقوامی اقدامات کی ہمیشہ حمایت کی ہے اور اس حوالے سے پاکستان بین الاقوامی برادری کیساتھ بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔