پاکستان سمیت دنیا بھر میں کل 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن منایا جائے گا

پیر 7 مارچ 2016 14:44

اسلام آباد ۔ 7 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 مارچ۔2016ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں کل 8 مارچ کو خواتین کا عالمی دن اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا جائے گا کہ خواتین کے لئے تمام حقوق کو یقینی بنایا جائے گا اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے موثر کوششیں کی جائیں گی۔ وفاقی حکومت کی جانب سے خواتین کی ترقی کے لئے پہلے ہی نمایاں اقدامات کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر مختلف سرکاری اور غیر سرکاری تنظیموں کے زیر اہتمام تقاریب منعقد ہوں گی جن میں قومی ترقی میں خواتین کے کردار کو اجاگر کیا جائے گا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے خواتین کے معاشی استحکام کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں جن میں پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے تحت ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد خواتین کو ووکیشنل ٹریننگ دنیا پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے تحت 14 ہزار سے زائد دیہی خواتین کو فنی تربیت فراہم کی جا چکی ہے جبکہ گزشتہ دو سالوں کے دوران 12 ہزار سے زائد خواتین کو ٹیوٹا کی طرف سے بھی فنی تربیت دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

گھریلو تشدد کے خلاف خواتین کے تحفظ کے سلسلہ میں وفاقی اور صوبائی سطح پر نمایاں قانون سازی کی گئی ہے اور گھریلو تشدد کے خلاف قانون اسمبلی میں ایک سال کی مشاورت کے بعد منظور کیا گیا ہے۔ پاکستان میں بڑی تعداد میں خواتین سیاست، بزنس، فنون لطیفہ اور دیگر شعبہ جات میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں جنہیں مختلف مسائل کا بھی سامنا ہے اور ان کے حل کے لئے ہر سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں اور حکومت کی جانب سے ان کے لئے کام کے بہتر حالات سمیت تمام سہولیات اور مراعات کی فراہمی کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

پاکستانی خواتین نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سرانجام دیتے ہوئے اپنی صلاحیتیں منوائی ہیں جن میں شرمین عبید چنائے، ملالہ یوسف زئی، بلقیس ایدھی، ثمینہ بیگ اور دیگر خواتین شامل ہیں اور خواتین پائلٹ، سائنسدان، سیاستدان، ڈاکٹر، انجینئر اور زندگی کے ہر شعبہ میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیں جبکہ بحیثیت گھریلو خواتین اور بطور ماں بھی وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہیں اور مستقبل کی نسلوں کی تعمیر کر رہی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی خدمات اور صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے تحفظ اور بہبود کے لئے مزید کوششیں کی جائیں۔

متعلقہ عنوان :