ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے 2 رکنی پاکستانی ٹیم واہگہ کے راستے بھارت پہنچ گئی

پیر 7 مارچ 2016 12:32

لاہور/نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء) بھارت میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے 2 رکنی پاکستانی ٹیم واہگہ کے راستے بھارت پہنچ گئی۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز بھارت نے ورلڈ ٹی 20 کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے 2 رکنی پاکستانی سیکیورٹی ٹیم کو ویزے جاری کیے تھے۔ویزہ حاصل کرنے والوں میں فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹر عثمان انور اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سیکیورٹی آفیسر (ر) کرنل اعظم شامل ہیں ‘ سیکیورٹی ٹیم میں تیسرا رکن نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن سے شامل ہو گا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 16 مارچ سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں 19 مارچ کو دھرم شالا میں پاکستان اور بھارت کے خلاف میچ شیڈول ہے تاہم میچ سے قبل ہی مختلف سطح پر پاکستانی کرکٹ ٹیم کو دھمکیاں دیئے جانے کے ساتھ ساتھ ساتھ میچ نہ کھیلنے کا انتباہ جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

دھمکیاں دینے والی جماعتوں میں بھارت کی حکومتی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور سابق حکومتی جماعت کانگریس پیش پیش ہیں۔

دوسری جانب ریاست ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں پاکستانی ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرنے سے معذرت کر لی تھی۔وزیر اعظم پاکستان نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لیے پاکستانی ٹیم بھیجنے سے قبل سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے کے لیے وفد ہندوستان بھیجنے کا حکم دیا تھا۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق سیکیورٹی ٹیم وطن واپسی پر اپنی رپورٹ پی سی بی اور وزیر داخلہ چوہدری نثار کو جمع کروائیگی جو پاکستان کرکٹ ٹیم کے بھارت جانے کا حتمی فیصلہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :