منوج کمار کی 17سال بعد ہدایتکاری کے میدان میں واپسی

پیر 7 مارچ 2016 12:15

منوج کمار کی 17سال بعد ہدایتکاری کے میدان میں واپسی

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 مارچ۔2016ء)بالی ووڈ کے معروف اداکار اور ہدایت کار منوج کمار 17 سال بعد ہدایت کاری کے میدان میں واپسی اختیار کر رہے ہیں۔بولی وڈ لائف کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران منوج کمار کا کہنا تھاکہ میں بہت جلد ایک فلم کی ہدایات دینے جارہا ہوں، مجھے امید ہے کہ شائقین کو فلم پسند آئے گی۔

منوج کمار کی فلم کلاسیکل دور کے ہندوستانی ماہر فلکیات آریہ بھٹہ کی زندگی پر مبنی ہے جس کے حوالے سے انہیں نئے چہروں کی تلاش ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ فلم کی کاسٹ کے حوالے سے وہ کشور نامت کپور کے ساتھ کام کر رہے ہیں جو انہیں فلم کی کاسٹنگ میں مدد کریں گے۔کشور نامت کپور نے ہریتھیک روشن، کرینہ کپور اور پریانکا چوپڑا جیسے اداکاروں کو بھی تربیت دی ہے۔

منوج کمار کے مطابق اس فلم کے اسکرپٹ پر وہ اور ان کی ٹیم گزشتہ 3 سالوں سے کام کر رہی ہے، کیوں کہ یہ کافی مشکل فلم ہے۔واضح رہے کہ منوج کمار نے 1967 میں فلم ’اپکار‘ کے ساتھ ہدایت کاری کا آغاز کیا تھا، جبکہ بطور ہدایات کار ان کی آخری فلم 1999 کی’ ’جے ہند‘ ‘تھی۔منوج کمار کو حال ہی میں ہندوستانی سینما کے سرکاری اعلیٰ ترین ایوارڈ ’دادا صاحب پھالکے‘ سے بھی نوازا گیا ہے۔