ایشیا ء کپ ٹی ٹونٹی فائنل ، بھارت نے بنگلہ دیش کو 8وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 6 مارچ 2016 23:07

ایشیا ء کپ ٹی ٹونٹی فائنل ، بھارت نے بنگلہ دیش کو 8وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل ..

میرپور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔6مارچ2016ء ) ایشیا ء کپ کے فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 8وکٹوں سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کر لیاہے ۔ میر پور میں جاری میچ میں بنگلہ دیش نے بیٹنگ شروع کی تو تمیم اقبال 13اور سومیا سرکار 14رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئے، شکیب الحسن بھی اس اہم مقابلے میں محض 21رنز بنا سکے جب کہ مشفیق الرحیم 4اور مشرفی مرتضی بغیر کوئی رن بنائے آؤ ٹ ہوئے ۔

محمود اللہ ریاض نے صابر رحمان کے ساتھ مل کر چھٹی وکٹ کے لیے 45رنز جوڑ کر بنگلہ دیش کا سکور 120تک پہنچایا ۔محمود اللہ ریاض 13گیندوں پر 33رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔بھارت کی جانب سے ایشون ، نہرا ، بمراہ اور جدیجہ نے ایک ،ایک کھلاڑی آؤٹ کیا ۔ 121رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھات کا آغاز اچھا نہ رہا اورروہت شرما 1رن بنا کر پوویلین لوٹ گئے ۔

(جاری ہے)

اس کے بعد کوہلی نے دھون کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 94رنز کا اضافہ کرکے میچ بھارت کی گرفت میں دیدیا ۔

دھون 60رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ایم ایس دھونی نے محض 6گیندوں پر 20رنز بنا کر میچ 14اوور میں ختم کر دیا ۔ویرات کوہلی 41رنز کیساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد اور الامین حسین نے 1،1کھلاڑی آؤ ٹ کیا ۔بھارتی ٹیم اب تک ریکارڈ 6مرتبہ ایشیا ء کپ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے ، سری لنکا نے یہ ایونٹ 5اور پاکستان نے 2مرتبہ اپنے نام کیا ہوا ہے ۔