مصطفیٰ کمال کو لانے کا کمال کس کا ہے چند روز میں پتہ چل جائے گا ،چند لوگ پارٹی میں گروپ بندی تو کرسکتے ہیں،لیکن پارٹی کی قیادت میں تبدیلی نہیں لاسکتے،مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 6 مارچ 2016 22:05

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 6مارچ۔2016ء) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ میں نے پوری زندگی میں کوئی کمال نہیں کیا،لیکن کمالات بہت دیکھے ہیں اور مصطفیٰ کمال کو واپس لانے کا کمال کس کا ہے یہ آئندہ چند روز میں سب کو پتہ چل جائے گا،حیدر آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ میں نے پوری زندگی میں کوئی کمال نہیں کیا لیکن بہت سے کمالات دیکھے ہیں کراچی میں مصطفیٰ کمال کی صورت جو کمال ہوا ہے وہ جلد سامنے آجائے گا۔

سابق سٹی ناظم کے حوالے سے ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا اگر مل گیا تو میڈیا کے ذریعے عوام کو بھی بتا دیں گے،پنجاب کا وزیر اعلیٰ نہیں جو سب کچھ کہہ دوں لیکن میرا خیال ہے کہ کسی کے آنے یا جانے سے کوئی بڑی تبدیلی نہیں آتی۔

(جاری ہے)

چند لوگ پارٹی میں گروپ بندی تو کرسکتے ہیں،لیکن پارٹی کی قیادت میں تبدیلی نہیں لاسکتے،مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ اگر کسی کو را کا ایجنٹ کہا جارہا ہے تو وہ ایک دو روز میں تو نہیں بنا ہوگا را کے ایجنٹ کی تحقیقات کا معاملہ ملکی سلامتی کا معاملہ ہے اس لئے اسے ایک صوبے پر ڈال دینا درست نہیں، عمران خان بھی لندن گئے تھے اور اعلان کرتے تھے کہ وہ ثبوتوں کا ڈھیر لے جارہے ہیں وہ کیوں واپس آگئے۔

جو لوگ اس طرح کے اعلان کرتے تھے وہ بھی نائن زیرو جاتے رہے ہیں،مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ نیب کی فہرست میں بڑے بڑے ناموں کا نام آنے کی خبریں گردش کر رہی ہیں، جو حکمران کل تک نیب کے نگہبان ہونے کا دعویٰ کرتے تھے وہ آج اس کے مخالف ہوگئے ہیں، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نیب پر تنقید کے بعد اب یہ متنازع ادارہ بن گیا ہے اس لئے نیب اب اپنی غیر جانبداری کی وضاح کرے۔

متعلقہ عنوان :