عام آدمی پارٹی بھی انتہا پسندوں کے نرغے میں آگئی، پاک بھارت میچ کی مخالفت

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 6 مارچ 2016 20:44

عام آدمی پارٹی بھی انتہا پسندوں کے نرغے میں آگئی، پاک بھارت میچ کی مخالفت

نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔6مارچ2016ء ) پاک ،بھارت ورلڈ ٹی ٹونٹی میچ پر چھائے خدشات کے بادل مزید گہرے ہوگئے ، ہندوستان کے دارلحکومت نئی دہلی کی حکمران جماعت عام آدمی پارٹی بھی ہندو انتہاء پسندوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے دھرم شالا میں شیڈول پاک بھارت مقابلے کی مخالفت کرنے لگی ۔

(جاری ہے)

ہماچل پردیش میں پارٹی کے کنوینیئر کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کو بلا کر تماشا کرنا چاہتے ہے ،وہ دھرم شالا سمیت ملک کی کسی ریاست میں میچ نہیں ہونے دیں گے ،بھارت کو صرف اپنے دوست ممالک کے ساتھ کرکٹ کھیلنی چاہیئے ، پاکستان کے ساتھ کھیلنا بھارتی عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہوگا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ایک بھارتی انتہا ء پسند تنظیم پچ اکھاڑنے کی دھمکی بھی دے چکی ہے جب کہ ہماچل پردیش کے وزیر اعلی بھی پاک بھارت میچ کے خلاف بیانات داغ چکے ہیں ، اب اس میچ کے ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ پاکستانی سکیورٹی ٹیم کے دورہ بھارت سے واپسی کے بعد بدھ کو ان کی رپورٹ پی سی بی کو ملنے کے بعد کیا جائے گا۔