پائیدار امن و امان کے قیام اور لوگوں کی جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کا مشن ہے ، محمود خان

اتوار 6 مارچ 2016 18:01

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مارچ۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے کھیل ، ثقافت ، میوزیم اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے بالخصوص ضلع سوات کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے ، پائیدار امن و امان کے قیام اور لوگوں کی جان و مال کا تحفظ صوبائی حکومت کا مشن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبزال ڈھیری مٹہ سوات میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کی ممتاز شخصیات روحی گل ،عمر قیوم ، ثانی گل گجر ، باچا زادہ ، روح القیوم ، خائستہ رحمان ، عمر صادق جنرل کونسلر اور شاہجہان نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ اپنی پارٹی سے مستعفی ہو کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی اور صوبائی وزیر محمود خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ان شخصیات کی شمولیت سے حلقہ پی کے۔84مٹہ سوات سے اے این پی کی سیاست کا جنازہ نکل گیا ہے اور پاکستان تحریک انصاف ایک مضبوط قوت بن گئی ہے۔صوبائی وزیر محمود خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت جھوٹ اور منافقت کی سیاست کرے گی اور نہ ہی عوام سے حقائق چھپائے گی اور تمام قومی معاملات میں انہیں اپنے ساتھ لے کر قدم آگے بڑھائے گی۔ محمود خان نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ صوبے کے غیور عوام صوبے کے حقوق کے حصول کیلئے پی ٹی آئی کے پرچم تلے متحد ہو کر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں صوبے کی ترقی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :