حقوق نسواں قانون سے پنجاب سے باہر والوں کو خوفزدہ نہیں ہوناچاہیئے،میثاق جمہوریت میں احتساب کے عمل سے متعلق شقیں شامل کی گئی تھیں،نیب کا موجودہ ڈھانچہ پرویز مشرف نے نوازشریف سے انتقام کے لئے بنایا تھا،مسلم لیگ(ن) کا گزشتہ20سال سے احتساب جاری ہے

وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 6 مارچ 2016 17:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ حقوق نسواں قانون سے صوبہ پنجاب سے باہر والوں کو خوفزدہ نہیں ہوناچاہیئے،میثاق جمہوریت میں احتساب کے عمل سے متعلق شقیں شامل کی گئی تھیں،نیب کا موجودہ ڈھانچہ جنرل(ر) مشرف نے نوازشریف سے انتقام کے لئے بنایا تھا،مسلم لیگ(ن) کا گزشتہ20سال سے احتساب جاری ہے۔

وہ اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگوکررہے تھے،انہوں نے کہا کہ حقوق نسواں قانون سے پنجاب سے باہروالوں کو خوفزدہ نہیں ہوناچاہیئے،میثاق جمہوریت میں احتساب کے عمل سے متعلق شقیں شامل کی گئی تھیں۔پرویزرشید نے کہا کہ نیب کا موجودہ ڈھانچہ جنرل مشرف نے نوازشریف سے انتقام کیلئے بنایا تھا،احتساب سے بچنے کے لئے مشرف لیگ بنائی گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ احتساب سے خوفزدہ نہیں ہیں،ہماراگزشتہ20سالوں سے احتساب جاری ہے،عوام کی سہولت اور ملک کیلئے آئین میں ترامیم کی جاسکتی ہیں،انہوں نے کہا کہ نیب کے نظام میں کوئی خرابی یا خامی ہوئی تو بہتری لائیں گے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)نے1999میں بھی کراچی کے حالات کی بہتری کیلئے اپنی حکومت کی قربانی دی،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ نے سرفراز مرچنٹ کے الزامات پر کمیٹی بنادی ہے،کراچی کے نمائندہ لوگ اورعمران خان جنرل پرویز مشرف کے بازو بنے ہوئے ہیں،پرویز مشرف سمیت سب کا احتساب ہوناچاہیئے۔پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں نیب کے قوانین میں تبدیلی کی اورخیبرپختونخوا کے نیب سربراہ کی چھٹی بھی کروادی،وفاقی نیب کے سربراہ نے نیب کے نظام میں خامیوں کو خودتسلیم کیا ہے،عمران خان بتائیں کہ خیبرپختونخوا میں کس کی دم پر پیر آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنی ایک ایک پائی کا حساب دیا ہے،کرکٹ ٹیم کے بھارت جانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کو کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرانی ہے،اگر مکمل تحفظ ملے توٹیم ضرور بھارت جائے گی۔