شعبہ صحت کی ترقی اور دوردراز علاقوں کے عوام تک طبی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے‘خواجہ سلمان رفیق

ڈسٹرکٹ ہیلتھ منیجرز ضلعی ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے ،بیماریوں کی روک تھام کے منصوبوں کی کامیابی کیلئے زیادہ محنت سے کام کریں،وبائی امراض کے کنٹرول پر خصوصی توجہ دی جائے‘مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت

اتوار 6 مارچ 2016 17:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مارچ۔2016ء) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں صوبے میں صحت کے شعبہ کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کئے گئے ہیں اور دور دراز کے عوام تک طبی سہولیات کی فراہمی اور بیماریوں کی روک تھام پرخصوصی توجہ دی جا رہی ہے، انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ منیجرز کو ہدایت کی کہ ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے پیشہ ورانہ لگن اور محنت کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں۔

انہوں نے یہ بات ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز کے کمیٹی روم میں تمام اضلاع کے ای ڈی اوز ہیلتھ کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب علی جان خان، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید، چیف منسٹر ہیلتھ روڈمیپ ٹیم کے ارکان، صوبے میں چلنے والے ہیلتھ پروگراموں کے ڈائریکٹرز، تمام اضلاع کے ای ڈی اوز اور انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ پارٹنرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیف منسٹر ہیلتھ روڈمیپ ٹیم نے ضلع کی سطح پر محکمہ صحت کی کارکرد گی بارے جائزہ رپورٹ پیش کی۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ چیف منسٹر ہیلتھ روڈمیپ کے تحت اقدامات کے نتیجے میں پرائمری اینڈ سیکنڈری سطح پر صحت کے شعبہ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر سٹاف کی حاضری کیلئے بائیومیٹرک سسٹم شروع کیاگیا ہے جس سے سٹاف کی غیرحاضری کے رجحان میں واضح کمی ہوئی ہے۔

ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایاگیا ہے اور ای۔ویکس(E-Vaccs)سسٹم اور اینڈرائیوڈ فونز کے استعمال سے ویکسینیٹرز کی کارکردگی میں نمایاں طور پر بہتری آئی ہے اور بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام ای پی آئی کے تحت روٹین ایمونائزیشن کی کوریج 75فیصد سے بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے بیماریوں کی روک تھام میں بہت مدد ملی ہے۔اجلاس میں 14مارچ سے صوبے کے منتخب اضلاع میں شروع ہونے والی انسدادپولیو کی محدود مہم کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔

سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان نے افسران کو ہدایت کی کہ پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کو حتمی شکل دی جائے۔انہوں نے کہاکہ جن اضلاع میں 14مارچ سے پولیو مہم شروع ہو رہی ہے ان کے ڈی سی اواور ڈی پی او صاحبان کو پولیوٹیموں کی سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ وبائی امراض کی روک تھام کیلئے مربوط اور مؤثر حکمت عملی کے ساتھ کام کریں۔

انہوں نے ڈینگی کی روک تھام کے سلسلے میں مؤثر آؤٹ ڈور اور انڈور ڈینگی سرویلنس پر زور دیا۔انہوں نے خصوصی طورپر راولپنڈی میں ڈینگی کے سیزن کے دوران مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ ڈینگی کنٹرول کیلئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے ساتھ مل کر کام کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ دنیاایک گلوبل ویلیج بن گئی ہے اور کسی بھی ملک میں صحت کے شعبہ میں ہونے والی ڈویلپمنٹ اور بیماریوں سے باخبر رہنے کی ضرورت ہے تاکہ بروقت اقدامات کے ذریعے اپنے ملک اور صوبے کے عوام کو ویکٹر کے ذریعے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رکھاجاسکے۔

متعلقہ عنوان :