Live Updates

دور آمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قبرستان بنائے‘سابق حکمرانوں نے کوئی منصوبہ پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایا، ہم نے کرپشن کے ان قبرستانوں کو ترقی کے میناروں میں بدل دیا ہے ‘میٹرو ریل پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے ،بلاجواز تنقید کرنے والے دراصل عوام کو سہولتوں کی فراہمی کی مخالفت کررہے ہیں‘مفاد عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی خوشحالی کے دشمن ہیں اورانہیں عام آدمی کی محرومیوں کا خاتمہ برداشت نہیں

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت

اتوار 6 مارچ 2016 17:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین پراجیکٹ ملک کی تاریخ کامنفرد اوربے مثال منصوبہ ہے ۔میٹرو ریل پاکستان کے عوام کا منصوبہ ہے جس کی تکمیل سے لاکھوں شہریوں کوعالمی معیار کی باوقار سفری سہولتیں میسرآئیں گی۔اس عوامی منصوبے پربلاجواز تنقید کرنے والے دراصل عوام کو سہولتوں کی فراہمی کی مخالفت کررہے ہیں۔

مفاد عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں ۔عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو غریب عوام کی محرومیوں کا خاتمہ برداشت نہیں۔میٹروبس سروس کے نظام پرتنقید کرنیوالوں کی زبانیں بھی منصوبے کی کامیابی پر بند ہوگئی ہیں اوراورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کی مخالفت کرنیوالوں کی زبانیں بھی منصوبے کی تکمیل پر بند ہوجائیں گی۔

(جاری ہے)

فلاح عامہ کے منصوبوں کے مخالفین نہیں چاہتے کہ عوام خوشحال ہوں اور ملک ترقی کرے۔مٹھی بھرعناصرعام آدمی کی ترقی کی مخالفت کرتے رہیں،ہم عوامی خدمت کا بے لوث سفر جاری رکھیں گے اوروزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے۔وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج یہاں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کیا-وزیر اعلی نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اوراسے عوام کو سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کرتے رہیں گے اور میٹرو بس سسٹم اور اورنج لائن میٹروٹرین جیسے منصوبے وسائل عوام پر صرف کرنے کی اعلی مثالیں ہیں۔

میٹروبس سروس آج کامیابی کے سفر گامزن ہے جس کی گواہی روزانہ لاکھوں افراد میٹروبسوں پر سفر کر کے خود دے رہے ہیں اورمیٹروبس سروس کے جدید نظام کے ذریعے روزانہ لاکھوں افراد بروقت اپنی منزل پر پہنچتے ہیں،بلاشبہ جدید میٹروبس سسٹم نے عوام کیلئے آمد و رفت میں آسانیاں پیداکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین پنجاب حکومت کا عوام کیلئے ایک اور شاندار تحفہ ہے۔

جدید ذرائع نقل و حمل تیزرفتار ترقی کیلئے بنیادی ضرورت ہے ۔صوبے میں ترجیحی بنیادوں پر ذرائع آمدورفت کو بہتر کیا جارہا ہے - پنجاب حکومت عوام کو ٹرانسپورٹ کی بہترین معیاری،باکفایت اورمحفوظ سفر ی سہولتوں کی فراہمی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور آمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں کی غیر دانشمندانہ اور ناقص پالیسیوں کے باعث ملک مسائل کی دلدل میں پھنستا چلا گیا اور سابق حکمرانوں نے عوام کو مسائل سے نکالنے کی بجائے اپنی لوٹ مار اورکرپشن کی وجہ سے ان کے مسائل میں اضافہ کیا ۔

بدقسمتی سے دور آمریت میں کسی بھی ترقیاتی منصوبے کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچایاگیااوردور آمریت میں پنجاب کے سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قبرستان بنائے لیکن پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے ان کرپشن کے قبرستانوں کو ترقی کے میناروں میں بدل دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں توانائی منصوبوں سمیت بڑے میگاپراجیکٹس تیزی سے مکمل کیے جارہے ہیں ۔ ملک سے جہالت،غربت اوربے روزگاری کے اندھیرے دور کریں گے۔پاکستان کو صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست بنا کر دم لیں گے۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات