وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آسٹریلیا کی ہائی کمشنرمارگریٹ این ایڈیمسن کی ملاقات

پاک آسٹریلیا وفود کے زیادہ تبادلوں سے معاشی و سماجی شعبوں میں تعاون فروغ پائے گا‘ سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے، لائیوسٹاک اور زراعت سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں‘ زراعت ،لائیوسٹاک، سکل ڈویلپمنٹ او رتعلیم کے شعبوں میں آسٹریلیا سے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں‘ آسٹریلیا کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں ، ہر ممکن سہولتیں دیں گے‘ شہباز شریف

اتوار 6 مارچ 2016 17:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آسٹریلیا کی ہائی کمشنرمارگریٹ این ایڈیمسن(Ms.

(جاری ہے)

Margaret Anne Adamson)نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک آسٹریلیا دو طرفہ معاشی و سماجی تعلقات کے فروغ ،زراعت، لائیوسٹاک، سکل ڈویلپمنٹ ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا-وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات موجود ہیں تا ہم دونوں ملکوں کے مابین معاشی و تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لئے تسلسل کے ساتھ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور اس ضمن میں دونوں ملکوں کے مابین وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے معاشی و سماجی شعبوں میں تعاون فروغ پائے گا-وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان خصوصا پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے اور پنجاب کے لائیوسٹاک اور زراعت سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں - زراعت ،لائیوسٹاک، سکل ڈویلپمنٹ او رتعلیم کے شعبوں میں آسٹریلیا سے تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں-انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تعلیم اور صحت کے میدان میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں اورنوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے انہیں مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مند بنایا جا رہاہے-انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے فائدہ اٹھائیں ،انہیں ہر ممکن سہولتیں دیں گے اور پاکستان اور آسٹریلیا کے بزنس وفود کے تبادلوں سے بھی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا - انہوں نے کہا کہ زراعت ، لائیوسٹاک ، ڈیری ڈویلپمنٹ اور دیگر شعبوں میں آسٹریلیا کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں- آسٹریلیا کی ہائی کمشنرمارگریٹ این ایڈیمسن نے کہا کہ پنجاب میں وزیراعلیٰ شہباز شریف کے مختلف شعبوں میں اقدامات قابل تعریف ہیں- آسٹریلیاپنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کرے گاتا کہ باہمی تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکے -