پنجاب، ایک صوبائی وزیر اور ڈی جی سپورٹس سمیت پانچ وفاقی سیکرٹریوں کے خلاف ریفرنس تیار

نیب نے پنجاب کے صوبائی وزیر رانا مشہود اور ڈی جی سپورٹس سمیت دیگر ذمہ داروں کے بیانات ریکارڈ کر لئے

اتوار 6 مارچ 2016 16:57

پنجاب، ایک صوبائی وزیر اور ڈی جی سپورٹس سمیت پانچ وفاقی سیکرٹریوں کے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 مارچ۔2016ء) نیب نے پنجاب کے ایک صوبائی وزیر اور ڈی جی سپورٹس سمیت پانچ وفاقی سیکرٹریوں کے خلاف ریفرنس تیار کر لیا۔ نیب نے پنجاب کے صوبائی وزیر رانا مشہود اور ڈی جی سپورٹس سمیت دیگر ذمہ داروں کے بیانات ریکارڈ کر لئے۔ مصدقہ ذرائع نے آن لائن کو بتایا ہے کہ پنجاب یوتھ فیسٹول میں ہونیوالی خرد برد اور گننز بک آو ورلڈ ریکارڈ کے جعلی نمائندے ظاہر کرنے کے الزامات میں معاملات کی چھان بین کی جا چکی ہے۔

اس سلسلے میں رانا مشہود اور ڈی جی سپورٹس عثمان انور سمیت دیگر ذمہ داروں کے بیانات ریکارڈ کئے جا چکے ہیں اور نیب نے انکو وہ تمام دستاویزات بھی دکھائیں جن کے ساتھ کرپشن کے ثبوت منسلک کئے گئے تھے۔ نیب کے تفتیشی حکام ان بیانات کی روشنی میں تفتیش کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ رانا مشہود کی اس ویڈیو کا بھی جائزہ لیا گیا ہے جس میں رقوم کی لین دین کا تذکرہ دکھایا گیا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق پیمرا سے وہ ویڈیو حاصل کر لی گئی ہے اور اس کا فرانزک جائزہ بھی لیا جا رہا ہے تاکہ اس ویڈیو کے مستند ہونے بارے فیصلہ کیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی وزیر رانا مشہود کی طرف سے چیئرمین نیب کو ایک خط بھی لکھا گیا تھا جس میں انہوں نے چیئرمین سے گلہ کیا تھا کہ میرے ساتھ انصاف کے تقاضے پورے نہیں کئے گئے۔ تاہم نیب کی طرف سے رانا مشہود کو یقین دلایا گیا ہے کہ نیب صرف اور صرف قانون کی عملداری پر یقین رکھتا ہے کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہیں ہو گی اور گناہگار کو کٹہرے میں آنا پڑے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے رانا مشہود اور ڈی جی سپورٹس کے خلاف تحقیقات بہت حتمی شکل اختیار کرے گی۔ مزید برآں نیب حکام نے چار سابق وفاقی سیکرٹریز کی کرپشن کے خلاف ریفرنس کو حتمی شکل دیدی ہے۔ ان میں سابق وفاقی سیکرٹری مولا بخش اعوان جن پر پی ڈبلیو ڈی میں 746 غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے اور سابق سیکرٹری ورکس طارق اعوان جن پر جعلی لوگوں کو سکالر شپ دینے کا الزام ہے بھی شامل ہیں۔ اسی طرح سابق سیکرٹری اسماعیل قریشی‘ شاہد رفیع اور سابق سیکرٹری سوشل ریفلیئر نعیم خان کے خلاف ریفرنس مکمل کئے جا چکے ہیں۔(رضوان شاہ)