پولی کلینک ، انتہائی نگہداشت کے وراڈ میں اچانک آکسیجن ختم ، مریض جاں بحق

متعدد موت و زندگی کے لئے ایڑیاں رگڑنے لگے ۔ہسپتال انتظامیہ خواب غفلت سے دوچار ، بروقت احتیاطی تدابیر بروئے کار نہ لا سکی

اتوار 6 مارچ 2016 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 مارچ۔2016ء) پولی کلینک ہسپتال کی ایمرجنسی کے انتہائی نگہداشت کے وراڈ میں اچانک آکسیجن ختم ہونے کے باعث ایک مریض جاں بحق جبکہ متعدد موت و زندگی کے لئے ایڑیاں رگڑنے لگے ۔ہسپتال انتظامیہ خواب غفلت سے دوچار ہونے کے باعث بروقت احتیاطی تدابیر بروئے کار نہ لا سکی ۔

(جاری ہے)

آن لائن کو ذرائع سے معلوم ہو اہے کہ پولی کلینک ہسپتال کے ایمرجنسی میں آکسیجن ختم ہونے کے باعث مریضوں کی حالت بگڑنے لگی ہے آکسیجن گیس کے انچارج ملک نامی شخص کو مریضوں کے لواحقین ڈھونڈتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ذرائع کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی آئی سی یو میں اچانک گیس ختم ہونے سے عرفان نامی شخص آکسیجن بروقت نہ ملنے سے وفات پا چکے ہیں اور 45 منٹ بعد آکسیجن بحال کی گئی تھی تاہم گزشتہ روز پھر تیسری مرتبہ آکسیجن بند ہونے سے مریض تڑپنے لگے تو ان کے لواحقین وارڈ سے باہر نکل کر ہسپتال انتظامیہ کو ڈھونڈنے لگے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال کے پاس آکسیجن بیک اپ کے لئے کوئی متبادل راستہ نہیں ہے یہ سلنڈروں کی بھی کمی کے باعث آکسیجن کا مسئلہ درپیش آ رہا ہے ۔