دوسرا سالانہ فیم فٹ بال لیگ،لمس کلب نے باٹا کلب کو سخت مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں ایک گول سے اپ سٹ شکست سے دوچار کرتے ہوئے سپر لیگ راونڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا

اتوار 6 مارچ 2016 16:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مارچ۔2016ء) فیم سپورٹس فٹ بال کلب کے زیر اہتمام دوسرا سالانہ فیم فٹ بال لیگ16 2015- ء کے راونڈبی میں کھیلے گئے واحد اور آخری میچ میں لمس کلب نے پچھلے سال کی تیسری پوزیشن کی باٹا کلب کو سخت مقابلے کے بعد صفر کے مقابلے میں ایک گول سے اپ سٹ شکست سے دوچار کرتے ہوئے سپر لیگ راونڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

فیم فٹ بال لیگ2015ء کے راونڈ بی کے گروپ سی میں باٹا ایف سی اور لمس ایف سی کے درمیان فیم سپورٹس فٹ بال گراونڈ ماڈل ٹاون لاہور میں میچ کھیلا گیا۔ یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے کرو یا مرو کی اہمیت لیے ہوئے تھاکیونکہ ہارنے والی ٹیم لیگ سے باہر ہو جائے گی۔میچ کا آغاز انہتائی جارہانہ انداز سے ہوا۔دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر مسلسل دباؤ بنائے رکھا اور کئی خوبصورت موومنٹ دیکھنے کو ملیں۔

(جاری ہے)

کھیل کے 15 ویں منٹ میں لمس کو فاول کک ملی جس کومڈ فیلڈر نعمان نے بال کو ڈائیگنل کیا جس کو پنلٹی ایریا میں سٹرائیکرحمزہ نے کنٹرول کرتے ہوئے جال کی طرف کک لگائی لیکن بال ری باونڈ ہوکر سٹرائیکر انور چوہدری کے پاس آئی جس پر انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے پہلا گول کر دیا۔ اور اسطرح پہلا ہاف ایک گول سے لمس کے حق میں رہا۔ دوسرے ہاف کا آغاز بھی جارہانہ انداز میں ہوا ۔

پہلے ہاف میں ایک گول کے خسارے کی وجہ سے باٹا کلب نے مخالف ٹیم پر مسلسل دباو بناتے ہوئے لمس کے گول پوسٹ پر متواتر حملے کیے لیکن لمس کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے باٹا کلب کی کاوشوں کو رائیگاں کردیا۔کھیل کے 75 ویں منٹ میں باٹا کلب کو گول کرنے کا بہترین موقع ملا لیکن بال گول پوسٹ کے اوپر سے نکل گئی۔ دوسرے ہاف میں مزید گول نہ ہونے کی وجہ سے لمس کلب صفر کے مقابلے میں ایک گول سے سرخرو ہو کر سپر لیگ کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ اس میچ کے ریفری زبیر شہزاد، فرسٹ اسٹنٹ ریفری محمد امجد چودہری، سیکنڈ اسٹنٹ ریفری محمد افضل جبکہ میچ کمشنرشبیر احمدتھے۔

متعلقہ عنوان :