لاہور ہائی کورٹ میں ایم کیو ایم کی بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن منسوخی کیلئے درخواست سماعت کیلئے منظور

ہفتہ 5 مارچ 2016 22:26

لاہور ہائی کورٹ میں ایم کیو ایم کی بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن منسوخی ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مارچ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے متحدہ قومی موومنٹ کی بطور سیاسی جماعت رجسٹریشن منسوخی کیلئے دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی۔ جسٹس شاہد وحید کل (پیر) کے روز درخواست پر سماعت کریں گے۔پی ٹی آئی یوتھ ونگ کے رہنما علی جاوید ایڈووکیٹ نے علی جاوید ڈوگر ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی جانے والی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ مصطفی کمال اور انیس قائم خانی کی اعترافی پریس کانفرنس ایم کیو ایم کیخلاف چارج شیٹ ہے۔

(جاری ہے)

ثابت ہو گیا کہ ایم کیو ایم ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ مصطفی کمال کہہ چکے ہیں کہ الطاف حسین ’’را ‘‘کے ایجنٹ ہیں۔آئین پاکستان کے تحت ریاست مخالف سیاسی جماعت کی رجسٹریشن نہیں ہو سکتی ،وفاقی حکومت کو ریاست مخالف سیاسی جماعت کیخلاف سپریم کورٹ کو ریفرنس بھجوانے کا اختیار ہے۔ الیکشن کمیشن بھی ایم کیو ایم کی رجسٹریشن منسوخ کر سکتا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وفاقی حکومت کو ایم کیو ایم کیخلاف سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے اور الیکشن کمیشن کو ایم کیو ایم کی رجسٹریشن منسوخی کے احکامات جاری کرے۔