مشرف کے ادھورے ایجنڈا کو پورا کرنے کا بیڑا اب نواز شریف نے اٹھا لیا ہے‘ سینیٹر سراج الحق

مسلم لیگ کی حکومت نے سیکولر ازم اور لبرل ازم میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے‘ امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 5 مارچ 2016 21:50

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مارچ۔2016ء) جماعت اسلامی کے امیرسینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کے ادھورے ایجنڈا کو پورا کرنے کا بیڑا اب نواز شریف نے اٹھا لیا ہے ،بیرونی امداد اور فنڈ ز کے حصول کیلئے ہمارے خاندانی نظام کو توڑنے کی سازشیں کی جارہی ہیں ،مسلم لیگ کی حکومت نے سیکولر ازم اور لبرل ازم میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے ،حکمران اگر واقعی عورت کے حقوق کا تحفظ چاہتے ہیں تو انہیں غربت ،جہالت ، بیماری اور مہنگائی کی دلدل سے نکالیں اور لوگوں کی معاشی مشکلات کو کم کریں ،گھریلو تشدد اور معاشرے میں موجود جاہلانہ رسموں کی ہم مذمت کرتے ہیں اور ان کی کسی صورت بھی اجازت نہیں دی جاسکتی ،مگر ان رسموں کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ معاشرے سے جہالت اور غربت کا خاتمہ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم خواتین پر تشدد اور انہیں جاہلی رسموں کی بھینٹ چڑھانے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس کے خاتمہ کیلئے بنائے گئے ہر قانون کی حمایت کرتے ہیں مگر جس طریقے سے حکمران اسلام اور نظریہ پاکستان کی مخالفت پر اتر آئے ہیں اس کی اجازت نہیں دے سکتے ۔

انہوں نے کہا کہ عالمی استعمار کو خوش کرنے کیلئے اﷲ اور رسولﷺ کی تعلیمات اور ملکی آئین کی مخالفت ناقابل معافی جرم ہے جبکہ حکمران یہ جرم بڑی دیدہ دلیری سے کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اسمبلی میں اپنی عددی اکثریت کے بل بوتے پر ایک ایسا بل پاس کیا ہے جو پاکستان کے خاندانی اور سماجی نظام کو تہہ و بالا کرنے کا باعث بنے گا۔

اس قانون سے شرح طلاق میں اضافہ ہوگا اور عورت تنہا اور بے سہارا ہوکر رہ جائے گی ،اس سے پھیلنے والا انتشار تمام اخلاقی اور خاندانی قدروں کی تباہی پر منتج ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہماری تہذیب میں خواتین کو جو قابل احترام مرتبہ و مقام دیا گیا ہے یہ بل اسے چھین لینے کی سازش ہے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ محض بیرونی امداد اور آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے قرضوں کے حصول کیلئے اپنا خاندانی نظام تباہ کرنا پاکستان کے عوام کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے ۔

نواز شریف سیکولر ازم اور لبرل ازم کے نعرے لگا کر، ہولی کے رنگ پھنکوا کر اور ماتھے پر تلک لگوا کر بھارت اور اسلام دشمن قوتوں کو خوش کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ۔عالمی استعمار ہمارے معاشرے کو تقسیم کرنا چاہتا ہے اور حکمران ان کی سازشوں کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت معاشرے کو جوڑنے کی ضرورت ہے ۔حکومت خواتین کی تعلیم ،صحت اور روز گار کے علیحدہ ادارے قائم کرکے ان کی معاشی پریشانیوں کو دور اور ملکی آئین میں دیئے گئے حقوق پر عمل درآمد کرے تو اس طرح کے بلوں کی ضرورت ہی پیش نہ آئے ۔