وزیر داخلہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس رحمان ملک پرمصطفی کمال کے لگائے گئے الزامات سے خالی ، صحافیوں نے بھی اس حوالے سے کوئی سوال نہ کیا

ہفتہ 5 مارچ 2016 21:47

اسلا م آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مارچ۔2016ء ) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنی پریس کانفرنس میں سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کی طرف سے سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک پر لگائے گئے الزامات کا تذکرہ کیا نہ ہی صحافیوں نے سینیٹر رحمان ملک کے کردار سے متعلق سوال کیا، ہفتہ کو پنجاب ہاوس میں وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پریس کانفرنس کے دوران سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کی پریس کانفرنس کا تفصیلی تذکرہ کیا اور انہیں اس بات کی دعوت بھی دی کہ اگر سابق سٹی ناظم کے پاس کوئی دستاویزثبوت ہیں تو وہ وزارت داخلہ کی کمیٹی کو پیش کریں لیکن چوہدری نثار نے اپنے پیشرو سینیٹر رحمان ملک پر مصطفی کمال کے الزامات کا تذکرہ تک نہیں کیا،پریس کانفرنس میں صحافیوں نے سابق سٹی ناظم مصطفی کمال کے الزامات سے متعلق وزیر داخلہ پر سوالوں کی بوچھاڑ کی لیکن سینیٹر رحمان ملک کے کر دار سے متعلق کسی نے کوئی سوال نہیں کیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دوروز قبل سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال نے رحمان ملک پر الزام عائد کئے تھے کہ وہ ایم کیوایم کی قیاد ت کے ساتھ گھنٹوں ملاقاتیں کرتے تھے اور جب سکاٹ لینڈ یارڈ نے الطاف حسین سے منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش کی تھی تواس کے بعد پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم کی قیادت کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد کا مشترکہ اعلامیہ سینیٹر رحمان ملک نے تیار کرایا تھا