نیب عزیر بلوچ سے جلد منی لانڈنگ کے حوالے سے تحقیقات شروع کرے گی

پیپلزپارٹی کی اہم شخصیات کے حوالے سے بعض انکشافات سامنے آنے کا امکان

ہفتہ 5 مارچ 2016 21:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مارچ۔2016ء) قومی احتساب بیورو(نیب)لیاری گینگ وار کے سرغنہ اورکالعدم پیپلزامن کمیٹی کے سربراہ عزیر جان بلوچ سے جلد منی لانڈنگ کے حوالے سے تحقیقات شروع کرے گی جس میں پیپلزپارٹی کی اہم شخصیات کے حوالے سے بعض انکشافات بھی سامنے آنے کا امکان ہے ۔نیب ذرائع کے مطابق لیاری گینگ وار کے سرغنہ اورکالعدم پیپلزامن کمیٹی کے سربراہ عزیر جان بلوچ جو 90روزہ ریمانڈپر رینجرز کی تحویل میں ہیں انکا ریمانڈ ختم ہونے کے بعد نیب ان سے منی لانڈرنگ کے حوالے سے تحقیقات شروع کرے گی اس سلسلے میں ایک کمیٹی بھی قائم کی جائے گی جو دبئی سمیت دیگر ممالک میں غیر قانونی طور پر بھجوائی جانے والی رقوم کے حوالے سے حقائق کو سامنے لائے گی ۔

ذرائع کے مطابق عزیر جان بلوچ سے تحقیقات کے دوران پیپلزپارٹی کی اہم شخصیات کے حوالے سے بعض انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

سندھ رینجرزنے لیاری گینگ وار کے سرغنہ اورکالعدم پیپلزامن کمیٹی کے سربراہ عزیر جان بلوچ کوایک ٹارگٹڈکارروائی کے دوران کراچی میں داخل ہوتے ہوئے گرفتار کیا تھا جبکہ ملزم سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ۔بعد ازاں ملزم کوانتہائی سخت سکیورٹی میں چہرے پر کپڑا ڈال کر انسداد دہشتگردی عدالت کے منتظم جج فاروق شاہ کے روبرو پیش کیاگیا۔عزیر جان بلوچ ان دنوں 90روزہ ریمانڈپر رینجرز کی تحویل میں ہے ۔ملزم پرمختلف تھانوں میں قتل، اقدام قتل،بھتہ خوری ، اغوا برائے تاوان سمیت سنگین الزامات میں100 سے زائد مقدمات درج ہیں۔

متعلقہ عنوان :