پاکستان ہندوکونسل کے انتخابات : پندرہ نشستوں کیلئے 56ہندوامیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروا دیئے

ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کی امیدواروں سے گفتگو‘ہندو اقلیتی حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ

ہفتہ 5 مارچ 2016 21:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مارچ۔2016ء ) پاکستان ہندوکونسل کے انتخابات کیلئے ملک بھر کے 56ہندوباشندوں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروادیئے ہیں جن میں پریزیڈنٹ، وائس پریزیڈنٹ، سیکرٹری جنرل، جوائنٹ سیکرٹری ، فنانس سیکرٹری اور دیگر10نشستیں منیجنگ کمیٹی ممبران کی شامل ہیں ، انتخابات کی تاریخ اگلے ماہ 3اپریل مقرر کی گئی ہے۔

پاکستان ہندوکونسل کے بانی سرپرستِ اعلیٰ اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے کاغذاتِ نامزدگی کی آخری تاریخ گزرنے کے موقع پر ہندو امیدواروں سے اپنی گفتگو میں اقلیتوں بالخصوص ہندوشہریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، ڈاکٹر رمیش ونکوانی کا کہنا تھا کہ انہیں فخر ہے کہ آج سے دس برس پہلے انہوں نے پاکستانی ہندو کمیونٹی کو متحد کرنے کیلئے پاکستان ہندوکونسل کے ادارے کا سنگِ بنیاد رکھا تھا ، آج وہ ادارہ ملک میں اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کی جدوجہد کی شاندار تاریخ کا حامل ہے، پاکستان ہندوکونسل کی کاوشوں کا اعتراف ملکی و عالمی سطع پر کیا جارہا ہے، انہوں نے ہندوکونسل کے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں کو خوش آمدید کہتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے تمام مکاتب فکر کو اپنا کردار اداکرنا چاہیے، پاکستان کے کونے کونے سے تمام شعبہ ہائے زندگی اور مختلف سیاسی جماعتوں سے وابستہ افراد کی بھرپور دلچسپی ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کی عکاسی کرتی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر موجود امیدواروں نے ڈاکٹر رمیش ونکوانی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔