غربت میں کمی اور خواتین کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سندھ میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے‘بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے صوبہ کے 27 لاکھ خاندانوں کی رجسٹریشن اور 18 لاکھ کو مالی امداد کی فراہمی نہایت خوش آئند ہے

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان کا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بریفنگ سے خطاب

ہفتہ 5 مارچ 2016 21:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مارچ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ غربت میں کمی اور خواتین کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صوبہ سندھ میں بھی اہم کردار ادا کررہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو گورنر ہاؤس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی بریفنگ اور اس سے مالی امداد حاصل کرنے والی خواتین سے ملاقات کے دوران کیا،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن اور رکن قومی اسمبلی ماروی میمن بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات خصوصاً غریبوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تشکیل اور ان پر عملدرآمد کسی بھی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے اور ان پر فعال طریقہ سے عمل کرکے غربت میں کمی ممکن بنائی جاسکتی ہے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے صوبہ کے 27 لاکھ خاندانوں کی رجسٹریشن اور 18 لاکھ کو مالی امداد کی فراہمی نہایت خوش آئند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد مالی مدد کے ساتھ ساتھ خواتین کو باہمت اور ہنر مند بنانا ہے تاکہ وہ معاشرے میں اپنا اہم کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کے ساتھ ظلم اور زیادتی کے واقعات آئے دن سامنے آتے رہتے ہیں جس کی بڑی وجہ ناخواندگی ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصاً خواتین کاناخواندہ رہنا پورے معاشرے کو نقصان پہنچانا ہے، کیونکہ خواتین ہی ہمارے معاشرے کی اساس ہیں جن پر بچوں کی تعلیم وتربیت جیسی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ زندگی کے واقعات اور حادثات سے مایوس ہونے کے بجائے ان سے سبق حاصل کرنا اور اپنی سوچ کو مثبت رکھنا ہی کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کرر ہی ہے تاکہ صوبہ میں خواندگی کی شرح کو بڑھایا جاسکے اس مقصد کیلئے یونیورسٹی کے طالب علموں کے ذریعہ ان کے اپنے اپنے حلقہ ، اثر میں ناخواندہ افرا کو پڑھنے لکھنے کے قابل کرنے کا ایک منصوبہ شروع کیا جارہا ہے۔

انہوں نے ہمت اور محنت کے ذریعہ صوبہ اور ملک کے عوام کے لئے ایک روشن مثال بننے پر تعلیم کے شعبہ میں کام کرنے والی صغریٰ سولنگی اور حمیرا بچل کی خدمات کو سراہا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دونوں نے بالترتیب ماروی رورل ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن اور ڈریم فاؤنڈیشن ٹرسٹ کے ذریعہ خصوصاً صوبہ سند ھ کی خواتین کو خواندہ بنانے کیلئے قابل تحسین کام کیا ہے جس کیلئے پورا معاشرہ ان کا شکرگزار ہے۔

انہوں نے پروگرام کو اپنی جانب سے بھرپور تعاون اور مدد کی یقین دہانی بھی کرائی ۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی سربراہ اور رکن قومی اسمبلی ماروی میمن نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پورے ملک میں 5.2 ملین خاندان کو اس پروگرام کے ذریعہ مالی مدد فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ کو بتایا کہ پروگرام کے ذریعہ خواتین کو بااختیار بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے گورنر سندھ کو مزید بتایا کہ پرگرام کے تحت رجسٹرڈ خاندانوں کو سہ ماہی بنیادوں پر 4700 روپے دئے جاتے ہیں،جبکہ ملک کے غریب خاندانوں کے 10 لاکھ بچوں کو تعلیم کے حصول کے لئے مدد بھی فراہم کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :