بھارت سے 125ہندو یاتریوں کے وفد کی واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آمد

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈمحمد صدیق الفاورق نے انکا استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے وزیر اعظم میاں نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر یاتریوں کی سیکورٹی ،سفر ،رہائش ومیڈیکل کی سہولیات سمیت تمام انتظامات مکمل کیے گئے ہیں ،ہم یاتریوں کی مہمان نوازی میں کسی قسم کی کمی نہیں چھوڑیں گے‘ چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاورق کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 5 مارچ 2016 21:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مارچ۔2016ء) ما ہا شوراتری کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 125ہندو یاتریوں کے وفد کی واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آمد ‘چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈمحمد صدیق الفاورق نے انکا استقبال کیا اور پھولوں کے گلدستے پیش کیے سکھ رہنماسردارشام سنگھ ،ہندو رہنماء ڈاکٹر منور چاند ، ایڈیشنل سیکرٹری شرائز خالد علی ،پی آر او عامر حسین ہاشمی ،گلزیز چوہدری،فراز عباس ،عمران خان ،یاسر اکر م و دیگر افسران موجود تھے ،یاتری کا انتہائی پر تپاک استقبال کیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین صدیق الفاورق نے کہا کو وزیر اعظم میاں نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر یاتریوں کی سیکورٹی ،سفر ،رہائش ومیڈیکل کی سہولیات سمیت تمام انتظامات مکمل کیے گئے ہیں ،ہم یاتریوں کی مہمان نوازی میں کسی قسم کی کمی نہیں چھوڑیں گے۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ ہمارا دین اسلام دوسرے مذاہب کے لوگوں سے پیار اور محبت کا درس دیتا ہے اورہم بھی نفرتیں اور اختلافات بھلا کر محبت کے اس پرچار کو عام کرنے کے لیے کوشاں ہیں تاکہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری و مضبوطی آئے اور خطے میں ترقی اور خوشحالی کا دور ہو۔

چیئرمین بورڈ نے کہاکہ یاترا کے لیے آنے والے وفد کو متروکہ وقف املاک بورڈ کی طرف سے لاہور میں اندرون شہرو تاریخی مقامات کا دورہ کروا یاجائے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک بھارت کرکٹ میچ ضرورہونا چاہئے اور اسے کھیل کی حد تک ہی رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یاتریوں کو ویزہ میں جن مشکلات کا سامنا ہوا آئندہ ایسے اقدامات کیے جائیں گے کہ کوئی مشکل نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم کھلے دل سے وفد کی مہمان نوازی کریں کہ تاکہ یاتری بھارت جا کر پاکستان سے ملنے والی محبت پیار اور حسن سلوک کی ترجمانی کریں۔یاتریوں کے پارٹی لیڈر ستیش کمار نے کہا کہ ہمیں یہاں پہنچ کر جو عزت دی گئی ہے اس پر بہت شکر گزار ہیں ہم حکومت پاکسان اور چیئرمین بورڈ کے بھی شکر گزار ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری آئے سرحدوں کی پابندی کا خاتمہ ہو ،فاصلے کم اور محبتیں زیادہ ہوں اور دونوں ملکوں کے درمیاں کھیل کے ساتھ ساتھ دیگر تعلقات بھی بہتر اور مضبوط ہوں اسی سے خطے میں ترقی ہوگی اور خوشحالی آئے گی اس موقع پر موجود افراد نے پاک بھارت دوستی زندہ بار کے نعرے بھی بلند کیے۔

ہندو یاتریوں نے پاکستانے آنے کی خوشی میں اپنی مذہبی روایت کے مطابق بھجن گائے اور خصوصی نعرے لگائے۔یاتری لاہور میں گورو دوارہ ڈیرہ صاحب ایک دن قیام کے بعد 7مارچ کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے کٹاس راج مندچکوال روانہ ہو ں گے۔