’’رشوت نہ سفارش،صرف میرٹ پر ملازمت ملی‘‘

اراضی ریکارڈ سنٹرکیلئے بھرتی عملے نے سٹیج پر آکرپنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کی تائید کی وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لینڈریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 5 مارچ 2016 21:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لینڈریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران پنجاب حکومت کی شفافیت اورمیرٹ پالیسی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں تمام بھرتیاں میرٹ پر کی گئی ہیں اورسفارش یا رشوت کی بنیاد پر بھرتی کی ایک بھی مثال موجود نہیں ۔لینڈ ریکارڈ کی کمپیوٹرائزیشن کے منصوبے کے تحت اراضی ریکارڈ سنٹرکیلئے بھرتی ہونے والے افسران اورعملے نے سٹیج پر آکرپنجاب حکومت کی میرٹ پالیسی کی تائید کی ۔

گجرات اراضی ریکارڈ سنٹر کے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ آفیسر عمران صدیق نے کہاکہ مجھے اخبار کے اشتہار کے ذریعے پتہ چلا اور میں نے اس آسامی کیلئے درخواست دی،ٹیسٹ دیا اوردس رکنی کمیٹی نے انٹرویو کیا اور میں شفاف عمل کے ذریعے بھرتی ہوا۔

(جاری ہے)

کسی نے مجھ سے پیسے مانگے اورنہ ہی میں نے کسی کو کوئی پیسہ دیا۔ایک اورآفیسر ثناء کوثر نے کہا کہ میرے والدین نے مجھے محنت مزدوری کر کے تعلیم دلائی میں ایک مزدور کی بیٹی ہوں اور میرے پاس کوئی سفارش نہ تھی۔

قصوراراضی سنٹر میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ارم نے کہا کہ میرے خاندان میں کوئی زیادہ پڑھا لکھا نہیں میں نے میرٹ پر ملازمت حاصل کی ہے اور میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کی میرٹ پالیسی کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔ایک اورآفیسرعاصمہ چیمہ نے کہا کہ میرے والد وفات پاچکے ہیں میں نے تعلیم حاصل کی اور میرٹ کی بنیاد پر بھرتی ہوئی۔میرے پاس نہ تو کوئی سفارش تھی اورنہ ہی میں کسی کو جانتی تھی۔

جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس بیٹی کی زندگی اندھیرے میں تھی اورمیرٹ پالیسی نے اس کی زندگی کے اندھیرے میں دیا جلایا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرٹ ہی ترقی کا واحد زینہ ہے اورہمیں میرٹ کی پالیسی پر کاربندرہتے ہوئے آگے بڑھنا ہے اورترقی و خوشحالی کی منزل پانا ہے ۔وزیراعلیٰ نے اراضی سنٹرز میں شفاف میرٹ پالیسی کے تحت بھرتی ہونے والے عملے کیلئے بھر پور تالیاں بجھوائیں۔

متعلقہ عنوان :