پرویز الٰہی ہمارے دور کے ہر ترقیاتی منصوبے کو اپنے نام کرنا چاہتے ہیں‘ ترجمان پنجاب حکومت

شہبازشریف دور کے فلاحی منصوبوں کی مقبولیت سے پرویزالٰہی بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں‘زعیم حسین قادری

ہفتہ 5 مارچ 2016 21:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مارچ۔2016ء) ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے پرویزالٰہی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے ہر ترقیاتی منصوبے کو پرویزالٰہی اب اپنے نام کرنا چاہتے ہیں،اپنے دور میں کرپشن‘ بدانتظامی اور اقرباپروری کرنے والے سیاستدان محض بیانات دے کر عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف حکومت کے فلاحی منصوبوں کی عوامی مقبولیت سے پرویزالٰہی بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔

پنجاب میں زمینوں کے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کے نظام سے عوام کو بڑی سہولت حاصل ہو گی۔زمینوں کے ریکارڈ کا جدید نظام لا کر پٹوار کلچر اورچودھراہٹ کا خاتمہ کر دیا ہے۔ سیدزعیم حسین قادری نے مزید کہا کہ پرویز الٰہی غریب عوام کو اپنے برابر نہیں دیکھنا چاہتے اسی لیے عوامی فلاحی منصوبوں پر آئے روز تنقید کرتے رہتے ہیں۔میرٹ ، شفافیت اور مساوی نظام کے کلچر کو پرویز الٰہی پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتے۔