وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

ہفتہ 5 مارچ 2016 20:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مارچ۔2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زبان کسی بھی قوم کے لئے نہایت اہمیت کی حامل اور اس کی پہچان ہو تی ہے ۔ زبان ناصرف جذبات کے اظہار و خیال کا ذریعہ ہے بلکہ اقوام کی شناخت بھی زبان سے ہی ہوتی ہے۔ قومی شناخت او ر بیش قیمت تہذیبی و ثقافتی میراث کے طور پر مادری زبانوں کی حیثیت مسلمہ ہے۔

مادری زبانوں کے ہر ہرلفظ اور جملے میں قومی روایات، تہذیب وتمدن، ذہنی و روحانی تجربے پیوست ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ زبان ایک ایسا سماجی عطیہ ہے جو زمانے کے ساتھ ساتھ ایک نسل سے دوسری نسل کو ملتا رہتا ہے۔ زبان کو مادری اور ثقافتی ورثے کی بقاء اور اس کے فروغ کا سب سے موٴثر ذریعہ سمجھا جاتا ہے اور بلاشبہ زبان کسی بھی انسان کی ذات اور شناخت کا اہم ترین جزو ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زبانیں دنیا بھر میں پائی جانے والی لسانی اور ثقافتی روایات کے بارے میں بہتر آگہی بھی پیدا کرتی ہیں۔ مادری زبان کی تعلیم سے خود زبان کی ترویج واشاعت میں مددملتی ہے اورزبان کی آبیاری ہوتی ہے۔ مادری زبان میں دی جانے والی تعلیم بچوں کی ذہنی نشو و نما پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان پنجابی ہے جسے 48 فیصد افراد بولتے ہیں اور آج کے جدید دور میں بھی مادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا

متعلقہ عنوان :