وزیراعلیٰ کابغیر پروٹوکول پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے منصوبے کی سائٹ کا دورہ

شہبازشریف نے سائٹ پر ہی منصوبے کے مختلف امور کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس کی صدارت کی

ہفتہ 5 مارچ 2016 20:44

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے بغیر پروٹوکول پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سنٹر کے منصوبے کی سائٹ کااچانک دورہ کیا اورسائٹ پر ہی منصوبے کے مختلف امور کا جائزہ لینے کے ضمن میں اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔وزیراعلیٰ کو سائٹ پر منصوبے کے مختلف امور بارے بریفنگ دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے منصوبے کی تعمیرکیلئے پائل ورک کا بھی معائنہ کیا ۔اس موقع پر وزیراعلی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کے پائل ورک میں اعلی کوالٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اورپائل ورک کے مزید ٹیسٹ کرائے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ وریسرچ سنٹرکا منصوبہ صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،لہٰذااس منصوبے کو محنت اور جذبے سے آگے بڑھایا جائے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کے منصوبے کی سائٹ پر اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں منصوبے کے بعض امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا ۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سنٹر کا منصوبہ پاکستان میں صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔

گردے و جگر کے امراض کے جدید علاج کے حوالے سے یہ ادارہ خطے میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہوگا۔منصوبے کی تکمیل سے گردے اور جگر ٹرانسپلانٹ کی سہولت دستیاب ہوگی-انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے سابق منصوبوں کی طرح یہ منصوبہ بھی اعلیٰ معیاراور شفافیت کا شاہکار ہوگا - منصوبے کا علیحدہ گرڈ سٹیشن بنایا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ متعلقہ صوبائی ووفاقی ادارے منصوبے کے حوالے سے امور کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائیں اوررابطہ سڑکوں کو اعلی معیار کے تحت تعمیر کیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ میں باقاعدگی سے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لوں گا۔پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹیٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اختر نے منصوبے کے مختلف امور پر پیشرفت اورمستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں بریفنگ دی۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، چیف سیکرٹری،چےئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،متعلقہ سیکرٹریز،کمشنر لاہور ڈویژن، وفاقی اداروں کے اعلی حکام ، ایم ڈی نیسپاک، پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنر کے صدر ڈاکٹر سعید اختر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی

متعلقہ عنوان :