حمزہ شہباز سے عادل بخش چٹھہ کی ملاقات، این اے 101میں نواز لیگ کے امیدوار کی حمایت کا اعلان

سابق ایم پی اے اور پیپلزپارٹی و (ق) لیگ کے مشترکہ امیدوار کی ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت حکومت عوامی توقعات کے مطابق ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے گامزن ہے‘ حمزہ شہباز

ہفتہ 5 مارچ 2016 17:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مارچ۔2016ء) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و ممبرقومی اسمبلی حمزہ شہباز سے آج یہاں سابق مسلم لیگی ایم پی اے حاجی شوکت حیات چٹھہ کے صاحبزادے چوہدری عادل بخش چٹھہ جو2013ئکے الیکشن میں این اے 101 کے ذیلی حلقے پی پی103سے پیپلزپارٹی اور (ق) لیگ کے مشترکہ امیدوار تھے ،نے ملاقات کی اور اپنے ہزاروں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔

انہوں نے حمزہ شہباز سے ملاقات میں میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف کی قیادت اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے این اے 101کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار جسٹس (ر) افتخار احمد چیمہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔حمزہ شہباز نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکومت عوامی توقعات کے مطابق ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کی تکمیل کیلئے تیزی سے گامزن ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ اڑھائی برسوں میں ملک کو درست ٹریک پر ڈالنے کیلئے ہوم ورک مکمل کرلیا گیا ہے اور توانائی اور دیگر شعبوں میں جاری میگا منصوبے مکمل ہونے پر انشاء اﷲ ہمہ گیر ترقی سامنے آئے گی۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ آئندہ عام انتخابات میں بھی کارکردگی کی بنیادپرعوام فیصلہ کریں گے، وفاقی اور پنجاب حکومت کی پالیسیوں اورکارکردگی کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پرتسلیم کیا جا رہا ہے،احتجاج اور دھرنے کی سیاست کرنے والے ناقدین کے منہ پہلے ہی بند ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ انشاء اﷲ 2018ء میں بھی مسلم لیگ(ن) بھرپور عوامی مینڈیٹ حاصل کرے گی۔اس موقع پر حمزہ شہباز سے ملاقات میں چوہدری عادل بخش چٹھہ نے مسلم لیگ(ن) کی این اے101کی انتخابی مہم میں اپنے ساتھیوں سمیت بھرپور شرکت کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ چوہدری مدثر قیوم ناہرہ، ڈاکٹر نثار چیمہ، چوہدری محمد صدیق چٹھہ اور ان کے دیگر ساتھی بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :