اوپن یونیورسٹی" اوپن ڈسٹنس لرننگ" پر آئندہ ماہ تین روزہ عالمی کانفرنس منعقد کرے گی

ہفتہ 5 مارچ 2016 16:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مارچ۔2016ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے 'اوپن ڈسٹنس لرننگ"پر آئندہ ماہ تین روزہ عالمی کانفرنس منعقد کرے گی۔ کانفرنس میں فاصلاتی نظام تعلیم کے حامل جامعات کے تعلیمی ماہرین اور سربراہان شرکت کریں گے ‘ ان سے فاصلاتی نظام تعلیم پر مشترکہ قومی پالیسی مرتب کرنے کے لئے تجاویز طلب کی جائیں گی ‘ فاصلاتی نظام تعلیم کو مزید مستحکم کرنے کے لئے مشترکہ قومی پالیسی وقت کی ضرورت ہے"ان خیالات کا اظہار یونیورسٹی کے وائس چانسلر ‘ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کانفرنس کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ہے۔

کانفرنس میں فاصلاتی نظام تعلیم کے 15۔اداروں کے سربراہ شرکت کریں گے ‘ اسی طرح کامن ویلتھ آف لرننگ کے رکن ممالک کے نمائندوں کی مہارت اور تجربات سے مستفید ہونے کے لئے انہیں بھی کانفرنس میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا ہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی ایشیاء ریجن میں فاصلاتی نظام تعلیم کی سب سے پہلی یونیورسٹی ہونے کا اعزازرکھتی ہے۔

اس حوالے سے قومی پالیسی کی تشکیل میں کلیدی کردارادا کرنے کی خواہش رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ فاصلاتی نظام تعلیم پر قومی پالیسی کی تشکیل کے لئے اوپن یونیورسٹی تعلیمی اور پیشہ ورانہ سپورٹ فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تین روزہ کانفرنس میں مرتب کی جانے والی سفارشات منظوری اور نفاذ کے لئے وفاقی حکومت کو ارسال کی جائیں گی۔فاصلاتی نظام تعلیم پر قومی پالیسی غیر رسمی نظام تعلیم کے تعلیمی نیٹ ورک کی توسیع اور تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم مدد گار ثابت ہوگا۔کانفرنس میں اہم ممالک کے ماہرین فاصلاتی تعلیم باھی مشاورت سے تعلیمی پروگرامز اور کورسسز کی تیاری اور دیگر متعلقہ مسائل بھی زیر بحث لائیں گے اور قابل عمل حل پر مشتمل سفارشات مرتب کریں گے۔