افسران اپنی زندگی کو قطبی ستارے سے مشابہ بنائیں جو مسافروں کو سمندروں، صحراؤں میں راستہ دکھاتا ہے، ڈی سی او سرگودھا

ہفتہ 5 مارچ 2016 12:16

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مارچ۔2016ء )ڈی سی او سرگودہا ثاقب منان نے پروبیشن افسران پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی زندگی کو قطبی ستارے سے مشابہ بنائیں جو مسافروں کو سمندروں اور صحراؤں میں راستہ دکھاتا ہے۔ ملک سے غربت افلاس اور جہالت و بد عنوانیوں کے خاتمہ کیلئے اپنی توانائیاں استعمال کی جائیں تاکہ خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب حقیقت کا روپ دھار سکے۔

انہوں نے سرگودہاکا دورہ کرنے والے پروبیشن افسران کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسران اپنے جذبہ خدمت کو کم نہ ہونے دیں اور اپنے مثالی کردار سے معاشرے کی تشکیل کریں۔انہوں نے کہا کہ وہ قائد اعظم کے پیغام”آگے بڑھو اور بڑھتے جاؤ“پر عمل پیرا ہو کر مایوسی اور نا امید ی کو اپنے اوپر حاوی نہ ہو نے دیں۔

(جاری ہے)

انہوں مزید کہا کہ خود احتسابی اور غلطیوں سے سبق سیکھنے والے افراد زندگی میں کامیابیاں حاصل کرتے ہیں۔

عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر چیمبر آف کامرس مختار مرز انے کہا کہ سول و ملٹری بیورو کریسی ملک کا مضبوط ستون ہیں۔انہوں نے پروبیشن افسران پر زور دیا کہ وہ ملک کو گوناں گوں مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں تاکہ ہماری آئندہ نسل مسائل سے آزاد فضا میں ترقی کی منازل طے کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی امید یں ان سے وابستہ ہیں وہ مثبت تعمیری سوچ سے سرشار ہو کر عوامی خدمت کیلئے آگے بڑھیں اور ملک کو معاشی و دفاعی طور پر مزید مستحکم و مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

قبل ازیں اپنے خطبہ ء استقبالیہ میں عرفان بٹ نے سرگودہا کی صنعتی و تجارتی ترقی میں چیمبر کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہاکہ سرگودہا کی سر زمین کسان دوست ہے یہاں سٹرس ،ووڈ،برقی آلات ،زرگری ، ہوم ایپلائنسز،ہارڈ وئیر،ایگری کرنک شافت،تھریشراور ہارویسٹر جیسی صنعتیں ملکی زر مبادلہ میں اضافہ کیلئے بھر پور کردار ادا کررہی ہیں جبکہ سرگودہا میں شوگر ملیں چینی کی پیدا وار اور کیمیکل فیکٹری سے تیار ہونے والی الکوحل مختلف ممالک کو برآمد کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرگودہا کی سر زمین سے نامور مورخ، نقاد ، نثر نگار ، شاعر ،کھلاڑی اور اداکارابھرے ہیں۔ تقریب میں چیمبر آف کامرس کی طرف سے مہمانوں کو اعزازی شیلڈ زدی بھی گئیں۔