الطاف حسین پر تنقید ،جھوٹے الزام ت عائد کرنا ملک کی تمام مظلوم قومیتوں کی توہین ہے ، مختلف افراد کا قائد ایم کیو ایم پر اظہار اعتماد

وقت نے ہر مرتبہ الطا ف حسین ،ایم کیوایم کو سرخرو کیا ، سازشی کرداروں کو دنیا میں ہی ذلت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد اور انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کے پیغامات کی بھر مار

جمعہ 4 مارچ 2016 21:59

کر اچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مارچ۔2016ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقیم مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بانی وقائد تحریک الطا ف حسین کی قیادت پر بھر پور اعتماد کااظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین سے ہمارا رشتہ دنیا کی کوئی بھی سازش اورجھوٹا پروپیگنڈا ختم نہیں کرسکتا ہے ، الطاف حسین کی ساری زندگی مظلوم قومیتوں کے حقوق کی جدوجہد سے عبارت رہی ہے اور مظلوم قومیتوں کے حقوق کی عظیم جدوجہد کرنے والے قائد پر تنقید اور جھوٹے الزامات عائد کرنا ملک کی تمام مظلوم قومیتوں کی توہین ہے ۔

گزشتہ روز ایم کیوایم کے مرکز نائن زیر و عزیز آباد اور انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں الطاف حسین سے اظہار یکجہتی کیلئے ٹیلی فون ، فیکس ، ای میل اور فیس بک پر پیغامات کا تانتا بندھ گیا ۔

(جاری ہے)

پیغامات بھیجنے والوں میں ایم کیوایم کے کارکنوں کے ساتھ ساتھ علمائے کرام ، تاجر ، صنعتکار ، وکلاء ، انجینئرز ، شاعر ، ادیب ، قلمکار ، ڈاکٹرز سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد شامل ہے ۔

اپنے پیغامات میں انہوں نے کہاکہ قائد تحریک الطاف حسین واحد لیڈر اور ایم کیوایم ملک کی واحد جماعت ہے جن پر ماضی میں بھی اسی طرح کے بے بیہودہ ، جھوٹے اور من گھڑت الزامات عائد کئے گئے اور انہیں صفحہ ہستی سے مٹانے کی ریاستی کوششیں کی گئیں لیکن وقت نے ہر مرتبہ الطا ف حسین اور ایم کیوایم کو نہ صرف سرخرو کیا ہے بلکہ سازشی کرداروں کو دنیا میں ہی ذلت اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کروڑوں عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور انہیں ماضی کی طرح جھوٹے الزامات اور سازشوں کا نشانہ بنا نا عوامی جذبات سے کھیلنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جنا ب الطاف حسین کے خلاف کتنے ہی بے بنیاد اور جھوٹے پروپیگنڈے کیوں نہ کرلئے جائیں ہم انہیں ہرگز نہیں چھوڑ سکتے اور مائنس الطاف کی سازشیں کرنے والے کتنے ہی چہرے ، ڈرامے اور فلمیں متعارف کرادیں وہ الطاف حسین پر عوام کا اعتماد ہرگز نہیں اٹھا سکتے ۔

انہوں نے کہاکہ حق پرستی کی جدوجہد کرنے والے ہر لیڈر کے آگے میر جعفر اور میر صادق جیسے لوگ آتے ہیں لیکن ان سے گھبرانا حق پرستوں کا شیوہ نہیں ہے اور میر جعفر اور میر صادق جیسے لوگوں کا انجام وہی ہوتا ہے جو تاریخ میں ہوتا آیا ہے ۔ اپنے پیغامات میں انہو ں نے قائد تحریک الطا ف حسین سے اپنے عہد و وفا کی تجدید کی اوران کی درازی عمر ، صحت و تندرستی اور عافیت کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں ۔