نجی تعلیمی اداروں کے فیسوں میں اضافے کے قانون پر تحفظات دور کریں گے‘وزیر تعلیم پنجاب

رانا مشہود احمد خاں کی زیر صدارت اجلاس میں پرائیویٹ سکولز مالکان نے قانون پراپنے تحفظات پیش کئے

جمعہ 4 مارچ 2016 21:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر تعلیم رانامشہود احمد خاں کی زیر صدارت پرائیویٹ سکولز مالکان کا اجلاس منعقد ہواجس میں تعلیمی اداروں کی مختلف تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) عثمان، ای ڈی او ایجوکیشن لاہور ، سپیشل سیکرٹری سکولز اور دیگر افسران بھی موجودتھے۔رانا مشہود احمد خاں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز ترمیمی بل میں شامل فیسوں میں 7فیصد سالانہ اضافے سمیت مختلف شقوں پر پرائیویٹ سکول مالکان کے تحفظات دور کئے جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ تعلیم حکومت کی فروغ تعلیم کی کوششوں میں بھرپور معاونت کررہا ہے اور حکومت ’’پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب ‘‘ کے پروگرام کی تکمیل کے لئے نجی شعبے کو ساتھ لے کر چلنے پر یقین رکھتی ہے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اجلاس کے شرکاء نے نجی تعلیمی اداروں کی فیسوں میں 7فیصد اضافے کی اجازت کے حوالے سے اپنے تحفظات پیش کئے اور صوبائی وزیرتعلیم کو اپنے موقف سے آگاہ کیا۔صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کاشف مرزا نے کہا کہ حکومت کی عائد کردہ شرائط کی وجہ سے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے صدر ادیب جاودانی نے بھی مطالبہ کیا کہ پرائیویٹ سکولز کی فیسوں میں اضافے کا مذکورہ قانون واپس لیا جائے۔

متعلقہ عنوان :