نیب دباؤ کے بغیر میٹرو بس منصوبوں کی تحقیقات کرے کئی بڑی شخصیات اندر ہوں گی ‘ میاں محمود الرشید

دانستہ طور پر سستے پاور پلانٹوں کی بجائے نندی پور سے مہنگی بجلی پیدا کی جارہی ہے، صارفین پر4.42ارب کا بوجھ نہیں ڈالنے دینگے

جمعہ 4 مارچ 2016 21:53

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مارچ۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمو دالرشید نے کہا ہے کہ حکومت دانستہ طور پر سستے پاور پلانٹوں کی بجائے نندی پور سے مہنگی بجلی کی پیداوار حاصل کر رہی ہے، کسی صورت بجلی چوری اور لائن لاسز کے نام پر صارفین پر4.42ارب کا بوجھ نہیں ڈالنے دیں ے ،دو سال سے کہہ رہے ہیں میٹرو بس لاہور مہنگا ترین منصوبہ ہے، نیب راولپنڈی میٹرو بس منصوبے کی بھی تحقیقات کرے اس میں بڑے بڑے لوگ جیل جائینگے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پبلک سیکرٹریٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کے چکر میں پہلے مہنگی بجلی پیدا کی جاتی ہے بعد میں خسارے کے نام پر عام صارف کو لوٹا جاتا ہے۔حکومت نے سیپکول ، جاپان اور صباء جیسے سستے پاور پلانٹ کی بجائے774میگا واٹ بجلی نندی پور پاور پراجیکٹ سے خریدی اور اب 4.42ارب کا بوجھ صارفین پر ڈالنے کیلئے نیپرا پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے جو غریب عوام سے ظلم ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی چوری اور لائن لاسز محکمانہ اور حکومتی غفلت کا نتیجہ ہے۔ اورریڈنگ کر کے صارفین پر بوجھ ڈالنے سے اجتناب کیا جائے اور اگر صارفین پر اضافی بوجھ ڈالا گیا تو عدالت سے رجوع کریں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ حکومت فی لٹر پٹرول پر 24ڈیزل پر 35روپے وصول کر رہی ہے اور اگرحکومت’’ جگا ٹیکس ‘‘ختم کر دے تو پٹرول مزید سستا ہو سکتا ہے۔ نیب سے متعلقہ سوال میں پر انکا کہنا تھا کہ 2013سے کہہ رہے ہیں میٹرو بس لاہور اور راولپنڈی مہنگے ترین منصوبے ہیں، دعوی کرتا ہوں نیب دباؤ کے بغیر تحقیقات کرے کئی بڑی شخصیات اندر ہوں گی ۔

متعلقہ عنوان :