اینٹی پولیو مہم میں غفلت کے مرتکب افراد کا بے لاگ احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے، کمشنر کوہاٹ

جمعہ 4 مارچ 2016 21:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 مارچ۔2016ء) کمشنر کوہاٹ ڈویژن مسرت حسین نے کہا ہے کہ اینٹی پولیو مہم نہایت اہم قومی کاز ہے اور اس میں کسی صورت غفلت نہیں ہونی چاہئے، اگر کوئی غفلت کا مرتکب پایا گیا تو اس کا بے لاگ احتساب ہو نا چاہئے بڑے پیمانے پر انتظامات اور اخراجات کے باوجود لختی بانڈہ افغان مہاجرین کیمپ ہنگو میں پولیو کیس کا سامنے آنا محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کیلئے سوالیہ نشان ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈویژنل سطح پر قائم "صحت کا اتحاد"کمیٹی کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی او ز، پی اے اورکزئی، ڈی ایچ اوز، پی ای ٹیز اور دیگر متعلقہ اداروں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس جو تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہا میں اینٹی پولیو مہمات کو مزید فعال بنانے اور اس ضمن میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعدد اہم تجایز پیش کی گئیں اور کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر امتیاز علی شاہ ٹی پی ای خیبر پختونخوا اور ایریا کوارڈینیٹرڈبلیو ایچ او کوہاٹ ڈویژن نے اجلاس کو تینوں اضلاع جبکہ طیب الرحمن ڈی ایچ سی ایس او ہنگو نے دو قبائلی ایجنسیوں اور ایف آر کوہاٹ میں انیٹی پولیو مہمات کے تمام متعلقہ پہلوؤں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر نے کہا کہ جب تک کسی شخص کو بنیادی طور پر اپنی ذمہ داری کا احساس نہ ہو وہ کبھی بھی اپنے فرائض منصبی ایمانداری او ر جانفشانی سے سر انجام نہیں دے سکتا۔

انہوں نے ڈی ایچ اوز کو حکم دیا کہ وہ اس اہم قومی کاز میں غفلت کے مرتکب اہلکاروں کی رپورٹ فوری طور پر مقامی انتظامیہ کو کریں تاکہ ان کے خلاف سخت تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ کوہاٹ ڈویژن اس سے پہلے پولیو فری ڈویژن تھا لیکن باہمی رابطوں کی فقدان اوور افغان مہاجرین کیمپس میں غیر فعال مہم کی وجہ سے ہنگو میں ایک پولیو کیس سامنے آیا ہے ۔

انہوں نے ڈی ایچ او ہنگو کو تلقین کی کہ وہ ابھی سے کوتاہی دور کرتے ہوئے آنے والی مہم میں ہائی رسک باالخصوص افغان مہاجرین کیمپس پر خصوصی توجہ مرکوز کریں تاکہ پانچ سا ل سے کم عمر کا کوئی بھی بچہ اینٹی پولیو قطرے پلائے جانے سے محروم نہ رہے۔اجلاس سے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ظاہر شاہ اور ڈپٹی کمشنر کرک محمد عابد وزیر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :