جنرل ہسپتال و پی جی ایم آئی کے ملازمین کو اعزازیہ دینے کا اعلان

گریڈ چار تک ملازمین کو 2ہزار روپے فی کس اور پانچ تا سولہ تک کے سٹاف کو پانچ پانچ ہزار روپے دیا جائیگا

جمعہ 4 مارچ 2016 20:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مارچ۔2016ء)پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے ادارے کے ان ملازمین کو اعزازیہ دینے کا اعلان کیا ہے جنہوں نے اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے فرائض منصبی نہایت دلجمعی اور احساس ذمہ داری سے ادا کئے ہیں - انہوں نے کہا کہ ایل جی ایچ و پی جی ایم آئی کے گریڈ چار تک کے اہلکاروں کو دو ہزار روپے فی کس اعزازیہ دیا جائے گا جبکہ نرسنگ سٹاف سمیت گریڈ پانچ تا سولہ کے ملازمین کو پانچ پانچ ہزار روپے اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے - پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ سرکاری علاج گاہوں میں مریضوں کی دل و جان سے خدمت اور تیمارداری کرنے والے ملازمین قابل قدر اور ان کی حوصلہ افزائی بہت ضروری ہے -انہوں نے کہا کہ سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کیلئے سزا و جزا کا تصور ان کی کارکردگی میں اضافے کا باعث بنتا ہے - ادارے میں مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے اور ڈسپلن کی پابندی کرنے والے ملازمین کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی-