مصطفی کمال کی پریس کانفرنس الطاف حسین کے خلاف ایف آئی آر ہے،الزامات پر تحقیقات ہونی چاہئیں‘ ساجد میر

افسو س کا مقام ہے سیاسی جماعتیں ایم کیوایم کے ہاتھوں بلیک میل بھی ہوتی رہیں‘امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث کا خطاب

جمعہ 4 مارچ 2016 20:54

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مارچ۔2016ء) مرکز ی جمعیت اہل حدیث پاکستا ن کے امیر سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے کہا ہے کہ مصطفی کمال کی پریس کانفرنس الطاف حسین کیخلاف ایف آئی آر ہے،الزامات پر تحقیقات ہونی چاہیے،انہیں اتنے سال سچ چھپانے پر قوم سے معافی مانگنی چاہیے۔جامعہ ابراہیمیہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کے باقی ارکان بھی ہمت دکھائیں اور سچ بول دیں۔

(جاری ہے)

کراچی کے امن کو تار تار کرنے والوں کو نشان عبرت بنا دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال کی پریس کانفرننس سے کراچی آپریشن پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ افسو س کا مقام یہ بھی ہے کہ سیاسی جماعتیں ایم کیوایم کے ہاتھوں بلیک میل بھی ہوتی رہیں۔ کراچی کے امن پر سمجھوتے ہوتے رہے۔ تاریخ میں پہلی بار کراچی کو سنجیدہ لیا گیا ہے۔ سیاسی وعسکری قیادت ایک صفحے پر نہ ہوتے تو آج کراچی میں امن بحال نہ ہوتا۔پروفیسر ساجد میرنے کہا کہ مستقل قیام امن کے لیے کراچی آپریشن جاری رہنا چاہئے۔