زچہ و بچہ کی نگہداشت حکومت کے صحت کے شعبہ کا اہم ایجنڈا ہے، زچہ و بچہ کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکوں اور ویکسین کے پروگرام کو متوسط طبقہ تک پھیلانے کیلئے وسائل مختص کئے جارہے ہیں

وزیر خزانہ اسحاق ڈارکی ویکسینز اور حفاظتی ٹیکہ جات بارے عالمی ادارے کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 4 مارچ 2016 20:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مارچ۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ زچہ و بچہ کی نگہداشت حکومت کے صحت کے شعبہ کا اہم ایجنڈا ہے، حکومت زچہ و بچہ کی صحت اور نگہداشت کیلئے ان کو خطرناک بیماریوں سے بچانے کیلئے حفاظتی ٹیکوں اور ویکسین کے پروگرام کو متوسط طبقہ تک پھیلانے کیلئے وسائل کو مختص کر رہی ہے۔ وہ جمعہ کو حفاظتی ٹیکوں اور ویکسین کے عالمی اتحاد(جی اے وی آئی) کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹیوآفیسر انو رادھا گپتا کی قیادت میں اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔

وزیر خزانہ نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ زچہ و بچہ کی نگہداشت حکومت کے صحت کے شعبہ کا ترجیحی ایجنڈا ہے، حکومت زچہ و بچہ کی صحت اور بیماریوں سے بچانے کیلئے وسائل کو مختص کر رہی ہے تا کہ حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کو پھیلایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد کی پاکستان کے حفاظتی ٹیکوں اور زچہ و بچہ کو بیماریوں سے محفوظ بنانے والے پروگرام کو مضبوط کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں دور دراز علاقوں میں متوسط طبقہ تک پروگرام کو پھیلانے کے حوالے سے خصوصی توجہ دے رہی ہیں، وفد کی سربراہ انورادھا گپتا نے وفاقی وزیر خزانہ کو آگاہ کیا کہ ان کی تنظیم 835 ملین ڈالر پاکستان کو فراہم کر رہی ہے جو کہ بڑھا کر 2020 تک ایک ارب ڈالر کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے حفاظی ٹیکوں کے پروگرام کا تعاون کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نیشنل امیونائزیشن سپورٹ پروگرام کی تعریف کی۔ وزیر خزانہ نے وفد کے سربراہ کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت جی اے وی آئی کے تحت زچہ و بچہ کیلئے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کے حوالے سے مکمل تعاون کرے گی، اس موقع پر صحت اور اقتصادی امور کے سیکرٹریوں سمیت وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔