صدر مملکت، خاتون اول نے ایوان صدر میں صنوبر کا پودا لگا کر موسم بہار شجر کاری مہم کا افتتاح کردیا

جنگلات ماحول کے تحفظ ،موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچنے کیلئے انتہائی ضروری ہیں،ممنون حسین عوامی شعور ،بیداری کیلئے درختوں کی اہمیت بارے مواد تعلیمی تصاب میں شامل کیا جانا چاہئے ،ترقی یافتہ ممالک نے ریڈ پلس ٹیکنالوجی کے تحت درختوں کو کاٹے بغیر آمدنی کا ذریعہ بنانے کا کامیاب تجربہ کیا ،ہمیں فائدہ اٹھانے کیلئے منصوبہ بندی کرنی چاہئے، تقریب سے خطاب

جمعہ 4 مارچ 2016 19:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مارچ۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین اور خاتون اوّل بیگم محمودہ حسین نے ایوان صدر میں صنوبر کے پودے لگا کر موسم بہار کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا۔اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ جنگلات ماحول کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچنے کیلئے انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا تیزی سے بڑھتی ہوئی آباد ی کی وجہ سے لکڑی کی کھپت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے،جس کے پیشِ نظردرختوں کی حفاظت اور افزائش پر توجہ کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہو چکی ہے ،ہمیں یہ ذمہ داری چیلنج کی طرح قبول کرنی چاہیے۔

صدر مملکت نے کہا کہ عوامی شعور اور بیداری کے لیے درختوں کی اہمیت کے بارے میں مواد تعلیمی تصاب میں شامل کیا جانا چاہیے۔

(جاری ہے)

معاہدہ پیرس کے تحت ترقی یافتہ ممالک نے ریڈ پلس ٹیکنالوجی کے تحت درختوں کو کاٹے بغیر آمدنی کا ذریعہ بنانے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ ہمیں اس تجربے سے فائدہ اٹھانے کے لیے منصوبہ بندی کرنی چاہیے۔ پاکستان ریڈپلس کے فوائد مقامی آبادی تک پہنچانے کے لیے بھی کوشاں ہے۔

ان کوششوں میں حیاتیاتی تنوع اور جنگلات میں موجود کاربن کا تحفظ بھی شامل ہے۔صدرمملکت نے مزید کہا کہ جنگلات پاکستان کے قدرتی وسائل کا اہم ترین اثاثہ ہیں جن کی ہمیں حفاظت کرنی چاہیے۔ ہم جنگلات کو بچانے کے لیے عالمی برادری کی جدوجہد میں شریک ہیں۔ ایسی تقاریب جنگلات اور زرعی زمینوں پر شجر کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشب کا شعور اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں۔

حکومت پاکستان جنگلات کے بچاؤ کے لیے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ جنگلات کی حفاظت کے لیے خاطر خواہ منصوبہ بندی اور منظم کوششوں کی سخت ضرورت ہے۔ جنگلات کا رقبہ بڑھانے کے لیے زرعی زمینوں ، ریلوے لائنوں، نہروں اور سڑکوں کے ساتھ بھی وسیع پیمانے پر درخت لگانا ضروری ہے۔غربت کے تدارک اور معاشی فوائد کے حصول کے لیے اس مہم میں زمینداروں کا تعاون بذریعہ سبز پاکستان پروگرام کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔

صدر ممنون حسین نے کہاآج کی تقریب کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے میں پاکستان کی طرف سے دنیا کویہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہم جنگلات کو بچانے اور غیر قانونی کٹائی کے تدارک کا مصمم ارادہ رکھتے ہیں اور ہم جنگلات کے ذریعے اپنی پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے پْرعزم ہیں۔مجھے یہ احساس ہے کہ پانی کی کمی اور ناکافی وسائل جنگلات کے اضافے کی راہ میں رکاوٹ ہیں لہٰذا ہمیں غیر روائتی اور انقلابی اقدام اٹھانے ہوں گے جس کے لیے جدید طریق? آبپاشی اور خصوصاً مقامی درختوں کے فروغ کے لیے کام کرنا ہوگا۔موسم بہار کی شجر کاری مہم کی تقریب میں وفاقی وزیر زاہد حامد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔