صوبائی منافرت پر مبنی الفاظ نشر کر نے پرپیمرا کا نیوزون چینل پر جرمانہ

غیراخلاقی مواد نشر کر نے پر ٹی وی ون اور اب تک ٹی وی چینلز پر بھی جرمانے ، معافی نشر کرنے کا حکم

جمعہ 4 مارچ 2016 19:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مارچ۔2016ء) پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کراچی نے پروفیسر انعام باری کی زیر صدارت پیمرا ریجنل آفس کراچی میں منعقدہ اپنے29ویں اجلاس میں نیوزون چینل پر تین لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی اپنی سابقہ سفارش کی توثیق کرتے ہوئے چینل کومناسب معافی نشر کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ نیوزون چینل نے اپنے پروگرام ڈاکٹر شاہد مسعودکے ساتھ مورخہ 18 نومبر 2015ئمیں ایم کیو ایم کے رہنما وسیم اختر کے پنجاب اورپنجابی عوام کے بارے میں انتہائی قابل اعتراض اور ہتک آمیز الفاظ پر مبنی ویڈیو کلپ نشر کیاتھا۔

احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں چینل کا لائسنس معطل کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔ کونسل نے ٹی وی ون چینل پر ڈرامہ "میری عاشقی تم سے ہے" مورخہ 03 دسمبر 2015؁ٗء کے دوران قابل اعتراض منظر نشر کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانے کی سفارش کی بھی توثیق کی ہے۔

(جاری ہے)

کونسل نے اب تک چینل پر مورخہ 16 دسمبر 2015ء کو سیفان خان کی میزبانی میں نشر کیے گئے پروگرام بے نقاب میں مدعو مہمان فیصل رضا عابدی کے انتہائی نامناسب اور ہتک آمیزکلمات نشر کرنے پر چینل کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ مناسب معافی نشر کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں ۔

احکامات کی خلاف ورزی کی صورت میں چینل کا لائسنس معطل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ کونسل نے میسرز محمد علی جناح یونیورسٹی، کراچی (FM-97.6) کو غیر فعال ہونے اور لائسنس کی شرائط وضوابط کی شق 3.1 کی خلاف ورزی کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کرتے ہوئے مذکورہ کمپنی کے سی ای او کو اگلے اجلاس میں اصالتاً پیش ہو کر اپنے موقف سے آگاہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

کونسل کے فیصلے کے مطابق مذکورہ بالا کمپنیوں کی طرف سے 15یوم کے اندرجرمانہ ادانہ کرنے اور دیگر احکامات کی پیروی نہ کرنے کی صورت میں پیمرا قوانین کے تحت مزید چارہ جوئی بشمول لائسنسوں کی معطلی کی بھی سفارش کی ہے۔8XM اور جلوہ چینلز کے خلاف مقررہ حد سے زیادہ غیر ملکی مواد کو نشر کرنے کے معاملے کی سماعت کرتے ہوئے کونسل نے اس معا ملے کواتھارٹی کو پیمرا قوانین کے تحت مناسب اقدامات کے لئے بھجوا دیا ہے۔

کو نسل نے بینک اسلامی اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کی اب تک ٹی وی کے پروگرام "بے نقاب" مورخہ 22اکتوبر 2015ء،مورخہ2 نومبر 2015؁ٗء اور مورخہ 16 دسمبر 2015ئکے متعلق شکایات کو عدالت میں زیرِسماعتہونے کی وجہ سے مؤخر کر دیا ۔کونسل نے میسرز ٹیلیویژن میڈیا نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹڈ (ایکسپریس انٹرٹینمنٹ اور ٹائم ٹی ایم این) کے سی ای او کی ملک سے باہر ہونے کے باعث سماعت کو اگلے اجلاس تک مؤخرکرنے کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے ، مذکورہ کمپنی کے سی ای اوکواگلے اجلاس میں حاضر ہونے کی ہدایت کی ہے۔

کونسل کی ان سفارشات کوچیئرمین پیمرا کو اتھارٹی کے تفویض کردہ اختیارات کے تحت منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں دیگر کونسل ممبران بشمول محترمہ حوری نورانی ، محترمہ لال ماجد سلطان خواجہ ، محترمہ انجم آرا، فرہاد زیدی اور محمدفاروق (آر جی ایم /سیکرٹری کونسل) بھی موجود تھے۔کونسل آف کمپلینٹس معروف اور معزز شہریوں پر مشتمل ایک آزاد اور خودمختار فورم ہوتاہے اور یہ کسی بھی صورت پیمرا کے ملازمین نہیں ہوتے۔

متعلقہ عنوان :