وزیر اعظم کا ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم بھیجنے سے قبل سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے کیلئے وفد بھارت بھیجنے کا حکم

وزیر اعظم نے قومی ٹیم کی ایشیا کپ میں اوسط درجے کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے رپورٹ طلب کر لی

جمعہ 4 مارچ 2016 19:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مارچ۔2016ء) وزیر اعظم نواز شریف نے بھارت میں ہونے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم بھیجنے سے قبل سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لینے کیلئے وفد بھارت بھیجنے کا حکم دیا ہے۔وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کیلئے پاکستانی ٹیم بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ سیکیورٹی ٹیم کی جانب سے جمع کرائی جانے والی رپورٹ کی روشنی میں کیا جائیگا۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں نواز شریف نے وزیر داخلہ ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کی مدد سے پاکستانی ٹیم کیلئے فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں۔بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے قومی ٹیم کی ایشیا کپ میں اوسط درجے کارکردگی پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں شمولیت کیلئے قومی ٹیم کے دورہ بھارت پر سیکیورٹی خدشات اور دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے قومی ٹیم کو لاحق خدشات سے متعلق ایجنسیز کی رپورٹ اور دیگر معلومات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔