حکومت کا موبائل فون کمپنیوں کے ٹاورز کی غیر قانونی تنصیب میں ملوث سی ڈی اے اور پی ٹی اے افسران کے خلاف کارروائی کا فیصلہ ، ایف آئی اے کو تحقیقات کی ہدایت

جمعہ 4 مارچ 2016 19:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مارچ۔2016ء) حکومت نے وفاقی دارالحکومت میں موبائل فون کمپنیوں کے ٹاورز کی غیر قانونی تنصیب میں ملوث سی ڈی اے اور پی ٹی اے کے افسروں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ایف آئی اے کو فوری طور پر انکوائری شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ یہ ٹاورز انسانی زندگی اورصحت کے لئے سنگین خطرہ ہیں ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو ایف آئی اے ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ کی طرف سے ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں اسلام آباد کے رہائشی علاقوں میں موبائل فون کمپنیوں کے ٹاورز کی تنصیب کی انکوائری کے احکاما ت دیئے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سی ڈی اے اور پی ٹی اے کے قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے نصب کئے گئے موبائل فون ٹاورز کی اجازت دینے والے افسروں کے خلاف انکوائری کی جائے اور رہائشی علاقوں میں لگائے گئے موبائل فون کمپنیوں کے تمام ٹاورز کے اجازت ناموں کے ریکارڈ کی چھان بین کی جائے ، ایف آئی اے ذرائع کے مطابق پی ٹی اے اور سی ڈی اے کے جن افسروں کی ملی بگھت سے ٹاورز کی تنصیب ہوئی ہے ان کی ذمہ داری کا تعین کرنے کا کہا گیا ہے تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے ،ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ ٹاورز انسانی صحت کے لئے سنگین خطرہ ہیں کیونکہ ان سے خارج ہونے والی شعاعیں مختلف جان لیوا بیماریوں کا باعث بنتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :