ایشیا کپ میں ناقص کارکر دگی،وزیر اعظم نے پی سی بی سے رپورٹ طلب کر لی

حکومت کاسیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے سیکیورٹی ٹیم بھارت بھجوانے کا فیصلہ سیکیورٹی ٹیم کی رپورٹ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا جائیگا،ترجمان وزیراعظم ہاؤس

جمعہ 4 مارچ 2016 19:15

ایشیا کپ میں ناقص کارکر دگی،وزیر اعظم نے پی سی بی سے رپورٹ طلب کر لی

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مارچ۔2016ء) حکومت کا قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت میں ہونے والے ٹی 20ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے سیکیورٹی ٹیم بھجوانے کا فیصلہ،سیکیورٹی ٹیم کی رپورٹ کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔وزیراعظم نوازشریف نے ایشیا کپ میں قومی کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کا نوٹس دیتے ہوئے پی سی بی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعظم نوازشریف سے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ملاقات کی،وزیرداخلہ نے وزیراعظم کو قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے حوالے سے اپنی رپورٹ بھی پیش کی اور وزیراعظم کو قومی کرکٹ ٹیم کوبھارت میں ممکنہ خطرات سے بھی آگاہ کیا، جس پر وزیراعظم نوازشریف نے قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت سے قبل سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے سیکیورٹی ٹیم بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا،سیکیورٹی ٹیم میں وزارت داخلہ اور پی سی بی کے حکام شامل ہونگے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکیورٹی ٹیم کی رپورٹ کے بعد ہی قومی کرکٹ ٹیم کو دورہ بھارت کی اجازت دی جائے گی،بعد ازاں وزیراعظم نوازشریف نے قومی کرکٹ ٹیم کی ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی کا نوٹس لیتے ہوئے پی سی بی سے اس حوالے سے جامع رپورٹ طلب کرلی۔