پاک چین راہداری منصوبے کی تعمیر میں تعاون کیلئے اسلام آباد چیمبر اور چین کی تعمیراتی کمپنی کے درمیان سمجھوتہ طے پا گیا

جمعہ 4 مارچ 2016 18:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مارچ۔2016ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور چین کی تعمیراتی کمپنی زنجیان کنسٹریکشن کارپوریشن نے باہمی تعاون کے ایک سمجھوتے پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت دونوں ادارے سلک روڈ بیلٹ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تعمیر میں سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز کو فروغ دینے کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ اور زنجیان کنسٹریکشن کارپوریشن کے پارٹی کمیٹی ممبر اور ڈسپلن سیکرٹری لیانگ بانگو نے باہمی تعاون کے سمجھوتے پر دستخط کئے۔چین کے وفد نے ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر ریاض خٹک کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

دونوں اداروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ سلک روڈ بیلٹ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصبوں کی تعمیر میں سہولت پیدا کرنے کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے اور ان منصوبوں میں سرمایہ کاری و جوائنٹ وینچرز کو فروغ دینے کیلئے مشترکہ کوششیں کریں گے تا کہ ان اہم منصوبوں کی بروقت تعمیر سے پاکستان اور چین کے مابین باہمی تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت ملے۔

انہوں نے کہا کہ وہ لاجسٹک پلیٹ فارمز کے قیام کیلئے بھی کوششیں تیز کریں گے جس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا فروغ آسان ہو گا۔ دونوں اداروں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط کا فروغ اور تجارت سے متعلقہ معلومات کا باقاعدگی کے ساتھ تبادلہ وقت کی اشد ضرورت ہے کیونکہ نجی شعبے باہمی تجارت کو ترقی دینے میں کلیدی ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ 46ارب ڈالر پر مشتمل چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ اور سلک روڈ کی تعمیر پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر یں گے کیونکہ ان منصوبوں کی تعمیر سے نہ صرف پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کا ایک نیا دور شروع ہو گا بلکہ بیرونی ممالک کے سرمایہ کاروں کیلئے بھی ایک مثبت پیغام جائے گا۔

لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام سٹیک ہولڈرزان اہم منصوبوں کی بروقت تعمیر کیلئے ہر ممکن تعاون یقینی بنائیں تا کہ پاکستان کی معیشت کیلئے تیز رفتار ترقی کا ایک نیا باب شروع ہو۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ چین کی زنجیان کنسٹریکشن کارپوریشن اور آئی سی سی آئی کے درمیان باہمی تعاون کا سمجھوتہ سلک روڈ بیلٹ اور چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تعمیر میں مثبت کردار ادا کرے گا۔

چین کی زنجیان کنسٹریکشن کارپوریشن کے پارٹی کمیٹی ممبر اور ڈسپلن سیکرٹری لیانگ بانگو نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی تعمیر میں شرکت کے علاوہ چین کے سرمایہ کار پاکستان کی معیشت کے دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ادارہ اسلام آباد نیو اایئرپورٹ کے نزدیک چار سو ایکٹر رقبے پر ایک انڈسٹریل پارک تعمیر کرنے کیلئے کوششوں میں مصروف ہے جس سے پاکستان میں چین کی سرمایہ کاری اور جوائنٹ وینچرز کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین اور پاکستان کی تاجر برادری کے درمیان باقاعدگی کے ساتھ ملاقاتوں کی حوصلہ افزائی کی جائے جس سے باہمی تجارت میں تیزی آئے گی۔ انہوں نے اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو بھی دعوت دی کہ وہ اپنا ایک وفد چین لانے پر غور کرے تا کہ مشترکہ تعاون کے نئے مواقع تلاش کئے جا سکیں۔

متعلقہ عنوان :