اسلام آباد‘ برانچ لیس بینکنگ پر ورکشاپ8 مارچ کو ہوگی

جمعہ 4 مارچ 2016 18:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مارچ۔2016ء) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)اور جی ایس ایم اے کے زیر اہتمام موبائل منی(برانچ لیس بینکنگ) سے متعلق ایک ورکشاپ پی ٹی اے ہیڈ کوارٹرمیں 8 مارچ 2016 کومنعقدہوگی۔ ورکشاپ میں مختلف کمرشل بینکوں کے اعلیٰ افسران، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے نمائندے، سیلولر موبائل آپریٹرز ،پی ٹی اے اور ٹیلی کام کے شعبے سے وابستہ افراد شرکت کریں گے۔

ورکشاپ کے انعقاد کا مقصد برانچ لیس بینکنگ کے شعبے میں عالمی اورمقامی سطح پر صورتحال کا جائزہ لینا ہے جس کے ذریعے اس کثیر جہتی شعبے کی پالیسی سازی اور ریگولیٹری معاملات کے تجزیے اور جانچ پڑتال میں معاونت حاصل ہوگی ۔ جی ایس ایم اے سے صوفیہ حسنین (سینئر مارکیٹ انگیجمنٹ مینجر، ایشیا) ، لارا گدوانی (ریگولیٹری سپیشلسٹ، ایشیا ) اور دیگر ماہرین پاکستان میں موبائل منی انڈسٹری، برانچ لیس بینکنگ اور ڈیجیٹل کامرس کے شعبے میں مواقعوں کی موجودگی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کریں گے اور برانچ لیس بینکنگ سے متعلق منصوبہ سازی اور قواعد و ضوابط کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف ممالک بشمول پاکستان ، تنزانیہ، کینیا، فلپائن اور بھارت میں موبائل منی، ڈیجیٹل کامرس سے متعلق اقدامات اور ریگولیشن کے اصولوں سے متعلقہ کیس اسٹڈیز کا جائزہ لیا جائے گا۔ ورکشاپ کے دوران پاکستان میں ڈیجیٹائز پے منٹ کو درپیش مسائل اور مواقع بھی زیر بحث آئیں گے۔