وزیراعظم نے جنگلی حیات اور جنگلات کی بہتری کیلئے گرین پاکستان پروگرام کی منظوری دے دی

پروگرام کے تحت آئندہ 5سالوں میں ملک بھر میں 10کروڑ نئے پودے لگائے جائیں گے،پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں نہروں کے کنارے اور شاہراہوں کے اردگرد پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے شجرکاری کی جائیگی نوازشریف کی و زارت موسمی تغیرات کو ملک میں معدوم ہوتی جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے سروے شروع کرنے کی ہدایت

جمعہ 4 مارچ 2016 18:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مارچ۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں جنگلی حیات اور جنگلات کی بہتری کیلئے گرین پاکستان پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دیتے ہوئے و زارت موسمی تغیرات کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں معدوم ہوتی جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے سروے شروع کرے پروگرام کے تحت آ ئندہ 5سالوں میں 10کروڑ(100ملین) نئے پودے لگائے جائیں گے۔

جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں جنگلی حیات اور جنگلات کی بہتری کیلئے گرین پاکستان پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے ۔جنگلی حیات کا تحفظ اورملک کے ترقی پذیر علاقوں میں جنگلات پر مشتمل علاقوں کی بہتری پروگرام کے اہم پہلو ہیں۔ ملک کے جنگلات اور جنگلی حیات کوبین الاقوامی طریقوں سے بہتر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی وزارتوں اور ایجنسیوں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی تا کہ مطلوبہ مقاصد کو حاصل کیا جا سکے جس سے ملک میں جنگلات کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔

وزارت موسمی تغیرات و تبدیلی نے پروگرام کی تشکیل سے قبل وفاقی اکائیوں بشمول گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور فاٹا سے مشاورت کی تا کہ جنگلات کے تحفظ کیلئے روڈ میپ تیار کیا جا سکے۔ ملک میں جنگلات اورجنگلی حیات کے تحفظ کے شعبوں میں ابتدائی اصلاحات کو یقینی بنایا جائے گا۔ جنگلات کی کمی دور کرنے، جدید ٹیکنالوجی سے مزید ترقی اور جنگلات کی بہتری کیلئے نئے منصوبے گرین پاکستان پروگرام کے اہم پہلو ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے وزارت موسمی تغیرات کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں معدوم ہوتی جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے سروے شروع کرے۔ وزیراعظم نواز شریف نے ہدایت کی کہ ملک میں عالمی سطح کی جنگلی حیات کے پارکس جن میں خنجراب نیشنل پارک گلگت بلتستان، خیرتھر نیشنل پارک سندھ، ہنگول نیشنل پارک بلوچستان، چترال گول نیشنل پارک خیبرپختونخوا، لال سونہارا نیشنل پارک اور سالٹ رینج پنجاب،مچھیرا نیشنل پارک آزاد جموں و کشمیر اور مارگلہ ہلز نیشنل پارک اسلام آباد شامل ہیں کو عالمی سطح کے مطابق بحال کیا جائے، پارکس کو بحال کر کے انتظامی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جائے۔

چین کے گرین گرین وال پروگرام کی طرز پر وزیراعظم نواز شریف کی زیر قیادت گرین پاکستان پروگرام کے تحت آئندہ 5سالوں میں 10کروڑ(100ملین) نئے پودے لگائے جائیں گے۔پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں نہروں کے کنارے اور شاہراہوں کے اردگرد پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے پودے لگائے جائیں گے۔ خیبرپختونخوا اور سندھ میں بھی شاہراہوں کے اطراف اور گردگرد میں پودے لگائے جائیں گے، چھانگا مانگا، دھرپر، بہاولپور اور چیچہ وطنی میں بھی شجرکاری کی جائے گی۔

صوبہ سندھ میں کراچی اور بدین میں بھی خیرتھر رینج میں شجرکاری کی جائے گی، زیارت کے جنگلات اور بلوچستان میں چلغوزہ کے جنگلات کو بھی بحال کیا جائے گا۔ گلگت بلتستان کے علاقوں سمیت مری، ہزارہ، کوٹلی ستیاں، مالاکنڈ، فاٹا سمیت دیگر علاقوں میں بھی شجرکاری کی جائے گی۔ گرین پروگرام کے تحت کراچی اور بدین کے مینگرو جنگلات میں بھی درخت لگائے جائیں گے، پروگرامز کیلئے پچاس فیصد فنڈز وفاقی حکومت جبکہ بقیہ پچاس فیصد صوبائی حکومتیں ادا کریں گی۔