میری وجہ سے شہر کے حالات خراب نہیں ہونگے،پریس کانفرنس کا دنیا بھرسے رسپانس ملا ہے ،مصطفی کمال

ایم کیو ایم کے کارکن یہ مت دیکھیں کون کہہ رہا ہے ، یہ دیکھیں کیا کہہ رہا ،رزق ،زندگی ، موت اﷲ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے بلدیہ جے آئی ٹی رپورٹ میں میرا نام شامل نہیں ،اس وقت ایم کیو ایم کا ڈپٹی کنونیئر تھا ا،اس حیثیت سے لوگوں کو بچانے جا رہا تھا،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 4 مارچ 2016 17:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مارچ۔2016ء) سابق سٹی ناظم مصطفی کمال نے کہا ہے کہ میری وجہ سے شہر کے حالات خراب نہیں ہونگے ۔ گزشتہ روز کی پریس کانفرنس کے بعد دنیا بھر سے بھرپوررسپانس ملا ہے۔ ہزاروں کی تعداد میں کالز موصول ہوئیں۔ لوگ پوچھ رہے ہیں کہ بتائیں، ہمیں کیا کرنا ہے۔کراچی میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد انیس قائم خانی کے ہمرا میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق سٹی ناظم نے کہا کہ نئی پارٹی بنانے کے اعلان کے بعد دنیا کے کونے کونے سے کالز آئیں لیکن مصروفیت کے باعث جواب نہیں دے سکا اس پر معذرت چاہتا ہوں۔

مصطفی کمال نے صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے لیے کوئی نام چھوٹا یا بڑا نہیں ،سب برابر ہیں۔ نہ ہی میرے لیے کوئی باغی یا وفادار ہے، سب کو اپنی پارٹی جوائن کرنے کی آفر کی ہے۔

(جاری ہے)

اﷲ ایم کیو ایم کو ہدایت دے۔ سب کو کہتا ہوں سوچیں کہ کیا صحیح ہے اور کیا غلط ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے بڑے ناموں کوٹارگٹ نہیں کیاورنہ پہلے لابنگ کرتے۔

پریس کانفرنس میں وہی کہا جس پر پہلے سے بات ہو رہی ہے،کوئی دستاویز نہیں دکھائی۔ہماری بات سب تک پہنچانے کیلئے میڈیا کے بھی تہہ دل سے شکرگزار ہیں۔سیکیورٹی خدشات سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے مصطفی کمال نے کہا کہ عام لوگوں کی طرح ہمیں بھی سیکیورٹی خدشات لاحق ہیں لیکن زندگی یا موت سے سرو کار نہیں۔ زندگی اور موت اﷲ کے ہاتھ میں ہے۔

سابق سٹی ناظم نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکن یہ مت دیکھیں کہ کون کہہ رہا ہے ، یہ دیکھیں کہ کیا کہہ رہا ہے۔ رزق، زندگی اور موت اﷲ دیتا ہے اس لیے انسان سے بھیک نہ مانگیں نہ ہی موت سے ڈریں۔ مرنے کے بعد سب کو اپنی قبر میں جانا اور خود جوابدہ ہونا ہے۔ اﷲ پوچھے گا کہ تم نے کیا کیا اس لیے سب کو کہتا ہوں کہ اﷲ سے ڈریں انسانوں سے نہیں۔صحافیوں کی جانب سے انیس قائم خانی سے سوال کیاگیا کہ بلدیہ فیکٹری میں آگ لگی یا لگائی گئی تھی؟ جس کے جواب میں مصطفی کمال بولے کہ یہ سوال آپ تفتیشی افسر سے کریں۔

انیس قائم خانی نے سوال کا جواب دیتے ہوئے قدرے غصے سے کہا کہ بلدیہ فیکٹری کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ میں میرا نام شامل نہیں ہے۔ اس وقت ایم کیو ایم کا ڈپٹی کنوینر تھا اور اس حیثیت سے لوگوں کو بچانے جا رہا تھا،آگ لگانے نہیں۔