حصول مقصد تک جدوجہد جاری رہے گی‘ سید علی گیلانی

جمعہ 4 مارچ 2016 12:23

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 مارچ۔2016ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ”گ“ گروپ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ڈاد سرہ ترال معرکے میں شہید ہوئے تین نوجوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سرفروش کشمیری قوم کی مظلومیت اور محکومیت ختم کرنے کے لئے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں اور ہم پر ذمہ داری ڈالتے ہیں کہ ان کی قربانیوں کی لاج رکھتے ہوئے حصول مقصد تک جدوجہد کو ہر قیمت پر اور ہر صورت میں جاری و ساری رکھا جائے۔

اپنے ایک بیان اقوام متحدہ پر بات کرتے ہوئے حریت کانفرنس کے چیئرمین نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں بھارت جو نسل کشی کر رہا ہے اس کی تمام تر ذمہ داری اسی ادارے پر عائد ہوتی ہے کیونکہ جموں کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ میں موجود ہے اور اس ادارے کی خاموشی کی وجہ سے ہی بھارت اتنا دلیر ہو گیا ہے کہ وہ یہاں انسانی خون کی ہولی کھیل رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر اقوام متحدہ اپنے ذمہ داریوں کو پورا کرتا تو یہ ادارہ کشمیر میں ہو رہے قتل عام کو روک سکتا تھا۔

مگر بدقسمتی سے یہ ادارہ اپنے مقصد وجود کی منصبی ذمہ داریوں کو ابھی تک پورا کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی غیر یقینی سیاسی صورتحال اور عدم استحکام کی وجہ سے قیمتی انسانی زندگیاں بھینٹ چڑھ رہی ہیں اور اس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی حکمرانوں پر عائد ہو جاتی ہے جو کشمیری عوام کی خواہشات اور امنگوں کا احترام کرنے کے بجائے اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر اڑے ہوئے ہیں اور اس خطے پر طاقت کے زور پر اپنا جبری قبضہ جاری رکھنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :