مستحقین کو دیئے جانے والا سہ ماہی وظیفہ 4700روپے کردیا،ماروی میمن

بی آئی ایس پی غربت سے نمٹنے کیلئے کثیر الجہتی حکمت عملی پر کام کررہا ہے، مستحق افراد کو غربت سے باہر نکالنے کی حکمت عملی پر توجہ مرکوز ہے،گورنر پنجاب سے گفتگو

جمعرات 3 مارچ 2016 22:22

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 مارچ۔2016ء ) بی آئی ایس پی غربت سے نمٹنے کیلئے ایک کثیر الجہتی حکمت عملی پر کام کررہا ہے، مستحق افراد کو غربت سے باہر نکالنے کی حکمت عملی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی ، ایم این اے ماروی میمن نے بی آئی ایس پی مستحقین کی گورنر پنجاب ملک محمد رفیق راجوانہ سے بی آئی ایس پی سیکرٹریٹ میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے گورنر پنجاب کو بتایا کہ بی آئی ایس پی مستحقین کو دیئے جانے والے سہ ماہی وظیفہ میں اضافہ کر کے 4700روپے کردیا گیا ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ بی آئی ایس پی غریب افراد کو پروگرام میں شامل کرنے کیلئے قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری کو اپ ڈیٹ کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اعدادو شمار جمع کرنے کے حوالے سے بہترین نتائج حاصل کرنے کیلئے بی آئی ایس پی ڈیسک اور گھر گھر سروے کرنے کے عمل کو اپنائے گا، اس کے ساتھ ساتھ ایک ہاٹ لائن کا اجراء بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ادائیگی کے نظام کیلئے بائیومیٹرک سسٹم کو متعارف کیا گیا ہے تا کہ ادائیگی کو موثر اور آسان بنایا جائے۔ بی آئی ایس پی مالی شمولیت کیساتھ ساتھ خواتین کی بااختیاری پر یقین رکھتا ہے۔ مجتمع کاروباری صلاحیت ، صلاحیت کے فروغ اورسماجی رہنمائی بی آئی ایس پی کے اصولوں میں شامل ہے۔ بی آئی ایس پی ای۔کامرس کے تحت اپنے مستحقین کی صلاحیتوں کو نکھارنے پر یقین رکھتا ہے۔

بی آئی ایس پی کا ای۔کامرس اقدام مستحقین کو مارکیٹ تک رسائی فراہم کرتے ہوئے انہیں خود مختار بنا تا ہے۔ چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ یہ ایک مثبت علامت ہے وزیر اعظم کے بلاسود قرضے فراہم کرنے کی سکیم کے تحت ایک لاکھ مستحقین اپنے کاروبار کا آغاز کرچکے ہیں۔ گورنر پنجاب رفیق راجوانہ نے کہا کہ یہ سماجی اور اقتصادی طور پر پسماندہ خواتین کیساتھ براہ راست رابطے کا سنہری موقع ہے۔

گورنر نے کہا کہ یہ ایک غلط تصور ہے کہ بی آئی ایس پی محض ایک مالی امداد کا پروگرام ہے صرف دردمند اس بات کو سمجھ سکتا ہے کہ بی آئی ایس پی سماجی انصاف کو یقینی بنانے کی حکومت کی کوششوں کا عاجزانہ اقدام ہے۔ گورنر پنجاب نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی غربت کے خاتمے کیلئے ان کی ان تھک کوششوں کو سراہا۔بی آئی ایس پی کے مستحقین نے گورنر پنجاب اور چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو اپنی ضروریات اور خدشات سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی ان کی زندگی میں نقد مالی معاونت اور دیگر اقدام سے تبدیلی لاچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ وظیفہ خوراک اور رہائش جیسی بنیادی ضروریات کو پورا کرتا ہے جس سے وہ اپنے آپ کو مالی طور پر با اختیارتصور کرتے ہیں۔ مستحقین نے کہا کہ وسیلہ تعلیم اقدام کے ذریعے انکے بچے سکول میں پڑھنے کے قابل ہوگئے ہیں۔ مستحقین نے وزیر اعظم قرضہ سکیم میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا تا کہ وہ مستحق افراد سے کاروباری شخصیت میں تبدیل ہوجائیں ۔

گورنر پنجاب نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی ، ایم این اے ماروی میمن کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ متحرک اور پرعزم قیاد ت کے تحت بی آئی ایس پی کمزور طبقات کیلئے ایک نعمت خداداد بن چکا ہے۔ ہمددری اور مساوات کے اصولوں پر مبنی غربت سے آزاد معاشرہ ہمارا حتمی مقصد ہے۔ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم قرضہ سکیم اور وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس خاص طور پر ضرورت مندافراد کیلئے ہے۔ مستحقین کی گورنر پنجاب کیساتھ براہ راست ملاقات میں ایم این اے ملک ابرار، ایم این اے سیدہ زہرہ بتول، سینیٹر طاہرہ اورنگزیب، اراکین پارلیمنٹ اور بی آئی ایس پی کے اہلکاروں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :