5دسمبر کے مینڈیٹ سے ثابت کیا کہ لسانی اکائیاں اور مسالک ایک جگہ کھڑے ہیں، دو افراد کی پریس کانفرنس میں لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، ہمارے خلاف سازش کا مقصد مائنس الطاف فارمولے کو عملی جامہ پہنانا ہے

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار کا پریس کانفرنس میں مصطفی کمال کے الزامات پر رد عمل کااظہار

جمعرات 3 مارچ 2016 21:55

کراچی؍ لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مارچ۔2016ء) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماء ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا ہے کہ 5دسمبر کے مینڈیٹ سے ہم نے ثابت کیا کہ لسانی اکائیاں اور مسالک ایک جگہ کھڑے ہیں، دو افراد کی پریس کانفرنس میں لگائے گئے ہر الزام کو بھرپور مسترد کرتے ہیں، ہمارے خلاف سازش کا مقصد کچھ اور نہیں مائنس الطاف فارمولے کو عملی جامہ پہنانا ہے۔

وہ جمعرات کو ندیم نصرت، وسیم عباس اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ سابق سٹی ناظم کراچی مصطفی کمال کی پریس کانفرنس پر رد عمل کااظہار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی پریس کانفرنس میں کون سا الام ہے جو جماعت اسلامی نے نہ لگایا ہو، ہم جھوٹے، بے بنیاد اور شر انگیز الزامات کی مذمت کرتے ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ ماضی کی طرح نئی سازش کو بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا، ہمارے خلاف اس سازش کا مقصد مائنس الطاف حسین فارمولے کو عملی جامہ پہنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے الزامات لگانے والا نہ ایم کیو ایم کا مخلص ہے نہ مظلوموں کا ہمدرد ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ ان دو افراد کے آنے اور پریس کانفرنس کے وقت پر غور کریں، یہ ٹائمنگ ہی اس کی ساری حقیقت کو واضح کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے، بے بنیاد اور شر انگیز الزامات کی مذمت کرتے ہیں، انتخابی مہم کے دوران اور آپریشن کے دوران بھی یہی الزامات لگتے رہے ہیں جو آج لگائے گئے۔

ماضی کی طرح نئی سازش کو بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا، ہم سیاسی اور جمہوری اقدار کو فروغ دے رہے ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ 1990 کی دہائی میں لوگ مجبوری کے عالم میں ریاستی جبر کے باعث بھارت گئے، اب بھی جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے ان دو افراد کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی سیاسی انہی الزامات پر چل رہی ہے، نہ ماضی میں ایسی کوئی سازش کامیاب ہوئی نہ مستقبل میں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہائی کمان نے طے کیا کہ واپسی پر ان کا ایم کیو ایم کے تنظیمی سیٹ اپ سے کوئی رابطہ نہیں کریں گے، آج بھی جنوبی افریقہ کی بات کی گئی، معاملہ وہاں کی حکومت سے کیوں نہیں اٹھایا گیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ بیک ڈور سے کسی کی انٹری کرائی جاری ہے، دونوں الیکشن سے پہلے آتے اور پنجو آزامائی کرتے ہیں، ہماری ہی صفوں سے لوگوں کو گمھراہ کر کے استعمال کیا جا رہا ہے۔